مشکوۃ

Mishkat

افعال حج کا بیان

احرام والا کن چیزوں سے اجتناب کرے

بَاب مَا يجتنبه الْمحرم

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ: أَنَّ رَجُلًا سَأَلَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَا يلبس مِنَ الثِّيَابِ؟ فَقَالَ: «لَا تَلْبَسُوا الْقُمُصَ وَلَا الْعَمَائِمَ وَلَا السَّرَاوِيلَاتِ وَلَا الْبَرَانِسَ وَلَا الْخِفَافَ إِلَّا أَحَدٌ لَا يَجِدُ نَعْلَيْنِ فَيَلْبَسُ خُفَّيْنِ وليقطعهما أَسْفَل الْكَعْبَيْنِ وَلَا تَلْبَسُوا مِنَ الثِّيَابِ شَيْئًا مَسَّهُ زَعْفَرَانٌ وَلَا وَرْسٌ» . مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ وَزَادَ الْبُخَارِيُّ فِي رِوَايَةٍ: «وَلَا تَنْتَقِبُ الْمَرْأَةُ الْمُحْرِمَةُ وَلَا تلبس القفازين»

عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے کہ کسی آدمی نے رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا کہ احرام والا کون سے کپڑے پہن سکتا ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ قمیض ، عمامے ، شلواریں ، جبے ، اور موزے نہ پہنو ، البتہ اگر کوئی شخص جوتے نہ پائے تو وہ موزے پہن لے اور انہیں ٹخنوں کے نیچے تک کاٹ لے اور ایسا کوئی کپڑا نہ پہنو جسے زعفران اور ورس کی خوشبو لگی ہو ۔‘‘ بخاری ، مسلم ۔ متفق علیہ ۔ اور امام بخاری نے ایک دوسری روایت میں یہ اضافہ نقل کیا ہے :’’ احرام والی عورت نقاب پہنے نہ دستانے ۔‘‘

وَعَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَخْطُبُ وَهُوَ يَقُولُ: «إِذَا لَمْ يَجِدِ الْمُحْرِمُ نَعْلَيْنِ لَبَسَ خُفَّيْنِ وَإِذَا لَمْ يَجِدْ إِزَارًا لَبَسَ سَرَاوِيل»

ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے سنا ، آپ ﷺ فرما رہے تھے :’’ جب محرِم جوتے نہ پائے تو وہ موزے پہن لے اور جب وہ تہبند نہ پائے تو شلوار پہن لے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

وَعَنْ يَعْلَى بْنِ أُمَيَّةَ قَالَ: كُنَّا عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بالجعرانة إِذْ جَاءَ رَجُلٌ أَعْرَابِيٌّ عَلَيْهِ جُبَّةٌ وَهُوَ مُتَضَمِّخٌ بِالْخَلُوقِ فَقَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنِّي أَحْرَمْتُ بِالْعُمْرَةِ وَهَذِهِ عَلَيَّ. فَقَالَ: «أَمَا الطِّيبُ الَّذِي بِكَ فَاغْسِلْهُ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ وَأَمَّا الْجُبَّةُ فَانْزِعْهَا ثُمَّ اصْنَعْ فِي عُمْرَتِكَ كَمَا تَصْنَعُ فِي حَجِّكَ»

یعلی بن امیہ ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم جعرانہ میں نبی ﷺ کے پاس تھے جب ایک اعرابی آپ کے پاس آیا اس نے جبہ پہن رکھا تھا اور اس نے زعفران کی بنی ہوئی خوشبو بھی خوب لگا رکھی تھی ، اس نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! میں نے عمرہ کا احرام باندھا ہے اور میں نے یہ (جبہ) پہن رکھا ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ رہی خوشبو جو تم نے لگا رکھی ہے اسے تین مرتبہ دھو دو ، اور رہا جبہ تو اسے اتار دو ، اور پھر اپنے عمرے میں ویسے ہی کر جیسے تو اپنے حج میں کرتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

وَعَنْ عُثْمَانَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَا يَنْكِحُ الْمُحْرِمُ وَلَا يُنكِحُ وَلَا يَخْطُبُ» . رَوَاهُ مُسلم

عثمان ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ محرم اپنا نکاح کرے نہ کسی کا نکاح کرائے اور نہ ہی پیغامِ نکاح بھیجے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

وَعَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ: أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ تَزَوَّجَ مَيْمُونَةَ وَهُوَ محرم

ابن عباس ؓ روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے حالت احرام میں میمونہ ؓ سے نکاح کیا ۔ متفق علیہ ۔

وَعَنْ يَزِيدَ بْنِ الْأَصَمِّ ابْنِ أُخْتِ مَيْمُونَةَ عَنْ مَيْمُونَةَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ تَزَوَّجَهَا وَهُوَ حَلَالٌ. رَوَاهُ مُسْلِمٌ قَالَ الشيخُ الإِمَام يحيى السّنة: وَالْأَكْثَرُونَ عَلَى أَنَّهُ تَزَوَّجَهَا حَلَالًا وَظَهَرَ أَمْرُ تَزْوِيجِهَا وَهُوَ مُحْرِمٌ ثُمَّ بَنَى بِهَا وَهُوَ حَلَال بسرف فِي طَرِيق مَكَّة

میمونہ ؓ کے بھانجے یزید بن الاصم ، میمونہ ؓ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ان سے شادی کی تو آپ محرم نہیں تھے ۔ الشیخ الامام محی السنہ ؒ بیان کرتے ہیں ، اکثر محدثین کا یہ مؤقف ہے کہ آپ ﷺ نے ان سے شادی کی تو آپ محرم نہیں تھے جبکہ آپ نے حالت احرام میں اس معاملے کو ظاہر فرمایا ۔ پھر آپ نے مکہ کے راستے میں مقام سرف پر ان سے خلوت اختیار کی ، جبکہ آپ حالت احرام میں نہیں تھے ۔ رواہ مسلم ۔

وَعَن أَبِي أَيُّوبَ: أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَغْسِلُ رَأْسَهُ وَهُوَ مُحْرِمٌ

ابوایوب ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ حالت احرام میں اپنا سر دھو لیا کرتے تھے ۔ متفق علیہ ۔

وَعَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: احْتَجَمَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ محرم

ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے حالت احرام میں پچھنے لگوائے ۔ متفق علیہ ۔

وَعَن عُثْمَان حَدَّثَ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الرَّجُلِ إِذَا اشْتَكَى عَيْنَيْهِ وَهُوَ محرمٌ ضمدهما بِالصبرِ. رَوَاهُ مُسلم

عثمان ؓ نے اس آدمی کے بارے میں جس کی حالت احرام میں آنکھیں دکھتی ہوں ، رسول اللہ ﷺ سے حدیث بیان کی کہ وہ اپنی آنکھوں پر مصبر کا لیپ کر سکتا ہے ۔ رواہ مسلم ۔

وَعَنْ أُمِّ الْحُصَيْنِ قَالَتْ: رَأَيْتُ أُسَامَةَ وَبِلَالًا وَأَحَدُهُمَا آخِذٌ بِخِطَامِ نَاقَةِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَالْآخَرُ رَافِعٌ ثَوْبَهُ يَسْتُرُهُ من الْحَرِّ حَتَّى رَمَى جَمْرَةَ الْعَقَبَةِ. رَوَاهُ مُسْلِمٌ

ام الحصین ؓ بیان کرتی ہیں ، میں نے اسامہ ؓ اور بلال ؓ کو دیکھا کہ ان میں سے ایک رسول اللہ ﷺ کی اونٹنی کی مہار تھامے ہوئے تھا جبکہ دوسرا (چھتری کی طرح) اپنا کپڑا بلند کیے ، آپ کو گرمی سے بچانے کے لیے ، آپ پر سایہ کیے ہوئے تھا حتی کہ آپ نے جمرہ عقبی کو کنکریاں مار لیں ۔ رواہ مسلم ۔

وَعَنْ كَعْبِ بْنِ عُجْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَرَّ بِهِ وَهُوَ بِالْحُدَيْبِيَةَ قَبْلَ أَنْ يَدْخُلَ مَكَّةَ وَهُوَ مُحْرِمٌ وَهُوَ يُوقِدُ تَحْتَ قِدْرٍ وَالْقَمْلُ تهافت عَلَى وَجْهِهِ فَقَالَ: «أَتُؤْذِيكَ هَوَامُّكَ؟» . قَالَ: نَعَمْ. قَالَ: «فَاحْلِقْ رَأْسَكَ وَأَطْعِمْ فَرَقًا بَيْنَ سِتَّةِ مَسَاكِينَ» . وَالْفَرَقُ: ثَلَاثَةُ آصُعٍ: «أَوْ صُمْ ثَلَاثَةَ أَيَّام أوانسك نسيكة»

کعب بن عجرہ ؓ سے روایت ہے کہ میں حدیبیہ کے مقام پر تھا کہ نبی ﷺ میرے پاس سے گزرے ، میں نے احرام باندھ رکھا تھا اور ہنڈیا کے نیچے آگ جلا رہا تھا جبکہ جوئیں میرے چہرے پر گر رہی تھیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تمہاری جوئیں تمہیں تکلیف دیتی ہیں ؟‘‘ میں نے عرض کیا ، جی ہاں ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اپنا سر منڈا لو اور چھ مساکین کو ایک فرق (تقریباً سات کلو) اناج دو یا تین روزے رکھو یا ایک بکری ذبح کرو ۔‘‘ متفق علیہ ۔

عَنِ ابْنِ عُمَرَ: أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَنْهَى النِّسَاءَ فِي إِحْرَامِهِنَّ عَنِ الْقُفَّازَيْنِ وَالنِّقَابِ وَمَا مَسَّ الْوَرْسُ وَالزَّعْفَرَانُ مِنَ الثِّيَابِ وَلْتَلْبَسْ بَعْدَ ذَلِكَ مَا أحبَّتْ من ألوانِ الثيابِ معصفر أوخز أَو حلي أَو سروايل أَو قميصٍ أَو خُفٍّ. رَوَاهُ أَبُو دَاوُد

ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو عورتوں کو حالت احرام میں دستانے پہننے ، نقاب کرنے اور ورس و زعفران سے رنگ کیے ہوئے کپڑے پہننے سے منع فرماتے ہوئے سنا ، اس کے علاوہ ، وہ زرد رنگ کے یا ریشم کے بنے ہوئے جو کپڑے چاہیں پہن لیں ، یا زیور ، شلوار ، قمیض اور موزے پہن سکتی ہیں ۔ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

وَعَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا قَالَتْ: كَانَ الرُّكْبَانُ يَمُرُّونَ بِنَا وَنَحْنُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُحْرِمَاتٌ فَإِذَا جَاوَزُوا بِنَا سَدَلَتْ إِحْدَانَا جِلْبَابَهَا مِنْ رَأْسِهَا عَلَى وجهِها فإِذا جاوزونا كشفناهُ. رَوَاهُ أَبُو دَاوُد وَلابْن مَاجَه مَعْنَاهُ

عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ احرام باندھے ہوئے تھے ، سوار ہمارے پاس سے گزرتے تو ہم اپنی چادریں سر سے چہرے پر لٹکا لیتیں اور جب وہ ہمارے پاس سے گزر جاتے تو ہم چہروں سے چادریں اٹھا لیتیں تھیں ۔ ابوداؤد ۔ اور ابن ماجہ میں اس معنی کی روایت ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَدَّهِنُ بالزيت وَهُوَ محرمٌ غيرَ المقنّتِ يَعني غيرَ المطيَّبِ. رَوَاهُ التِّرْمِذِيّ

ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ حالت احرام میں اپنے سر پر ایسا تیل لگا لیا کرتے تھے جس میں خوشبو نہیں ہوتی تھی ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

عَنْ نَافِعٍ أَنَّ ابْنَ عُمَرَ وَجَدَ الْقُرَّ فَقَالَ: ألق عَليّ ثوبا نَافِعُ فَأَلْقَيْتُ عَلَيْهِ بُرْنُسًا فَقَالَ: تُلْقِي عَلَيَّ هَذَا وَقَدْ نَهَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ يَلْبَسَهُ الْمُحْرِمُ؟ . رَوَاهُ أَبُو دَاوُد؟

نافع سے روایت ہے کہ ابن عمر ؓ نے ٹھنڈک محسوس کی تو فرمایا : نافع ! مجھ پر کوئی کپڑا ڈالو ، میں نے ایک جبہ ان پر ڈال دیا تو انہوں نے فرمایا : تم مجھ پر یہ ڈال رہے ہو حالانکہ رسول اللہ ﷺ نے محرِم کو اسے پہننے سے منع فرمایا ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

وَعَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَالِكٍ بن بُحَيْنَةَ قَالَ: احْتَجَمَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ مُحْرِمٌ بِلَحْيِ جَمَلٍ مِنْ طريقِ مكةَ فِي وسط رَأسه

عبداللہ بن مالک بن بحینہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے حالت احرام میں لحی جمل کے مقام (مکہ اور مدینہ کے درمیان ایک مقام) پر اپنے سر کے وسط میں پچھنے لگوائے ۔ متفق علیہ ۔

وَعَن أبي رافعٍ قَالَ: تَزَوَّجَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَيْمُونَةَ وَهُوَ حَلَالٌ وَبَنَى بِهَا وَهُوَ حَلَالٌ وَكُنْتُ أَنَا الرَّسُولَ بَيْنَهُمَا. رَوَاهُ أَحْمَدُ وَالتِّرْمِذِيُّ وَقَالَ: هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ

ابورافع ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے میمونہ ؓ سے شادی کی تو آپ حالت احرام میں نہیں تھے ، اور جب آپ نے ان سے خلوت کی تب بھی آپ حالت احرام میں نہیں تھے ، اور میں دونوں کے درمیان قاصد و واسطہ تھا ۔ احمد ، ترمذی ۔ اور فرمایا : یہ حدیث حسن ہے ۔ صحیح ، رواہ احمد و الترمذی ۔