علی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے دو غلام بھائی مجھے ہبہ کیے تو میں نے ان میں سے ایک بیچ دیا ، رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے دریافت فرمایا :’’ تیرا غلام کہاں گیا ؟‘‘ میں نے آپ کو بتایا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے واپس لاؤ ، اسے واپس لاؤ ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی و ابن ماجہ ۔
علی ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے ایک لونڈی اور اس کے بچے کے درمیان جدائی ڈال دی تو نبی ﷺ نے انہیں اس سے منع فرمایا اور بیع کو فسخ کر دیا ۔ ابوداؤد نے اسے منقطع روایت کیا ہے ۔ سندہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔
جابر ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص میں تین صفات ہوں گی اللہ اس کی موت آسان فرما دے گا اور اسے جنت میں داخل فرمائے گا : کمزور سے نرمی کرنا ، والدین پر شفقت کرنا اور مملوک سے احسان کرنا ۔‘‘ ترمذی ۔ اور انہوں نے کہا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ الترمذی ۔
ابوامامہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے علی ؓ کو ایک غلام ہبہ کیا تو فرمایا :’’ اسے مارنا نہیں ، کیونکہ نمازیوں کو مارنے سے منع کیا گیا ہے اور میں نے اسے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا ہے ۔‘‘ یہ مصابیح کے الفاظ ہیں ۔ حسن ، رواہ البغوی فی المصابیح و احمد و الطبرانی ۔
اور امام دارقطنی کی روایت المجتبی میں ہے کہ عمر بن خطاب ؓ نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں نمازیوں کو مارنے سے منع فرمایا ہے ۔ حسن ، رواہ الدارقطنی ۔
عبداللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! ہم خادم کو کتنی بار معاف کریں ؟ آپ ﷺ خاموش رہے ، اس شخص نے پھر یہی کہا ، آپ پھر خاموش رہے ، جب تیسری بار دریافت کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس سے دن میں ستر بار درگزر کرو ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔
وَرَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو
امام ترمذی نے اسے عبداللہ بن عمرو ؓ سے روایت کیا ہے ۔ حسن ، رواہ الترمذی ۔
ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تمہارے غلاموں میں سے جو غلام تمہاری معاونت کرے تو جو تم کھاتے ہو اسے بھی وہی کھلاؤ اور جو تم پہنتے ہو اسے بھی وہی پہناؤ ، اور ان میں سے جو تمہاری معاونت نہ کرے اسے بیچ دو اور اللہ کی مخلوق کو سزا نہ دو ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ احمد و ابوداؤد ۔
سہل بن حنظلیہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ ایک لاغر اونٹ کے پاس سے گزرے تو فرمایا :’’ ان بے زبان جانوروں کے بارے میں اللہ سے ڈرو ، ان پر اس حال میں سواری کرو کہ وہ سواری کے قابل ہوں ، اور انہیں اس حال میں چھوڑو کہ وہ اچھے ہوں (ابھی تھکے نہ ہوں) ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، جب اللہ تعالیٰ کا فرمان :’’ تم یتیم کے مال کے قریب نہ جاؤ مگر اسی کے ساتھ کہ وہ احسن ہو ۔‘‘ اس کا فرمان :’’ بے شک جو لوگ یتیموں کا مال از راہِ ظلم کھاتے ہیں ۔‘‘ نازل ہوا تو پھر جس شخص کے پاس یتیم تھا اس نے اس کا کھانا اپنے کھانے سے ، اس کا پینا اپنے پینے سے الگ کر دیا ، اور جب یتیم کے کھانے پینے سے کچھ بچ جاتا تو وہ اسی کے لیے رکھ دیتے حتی کہ وہ اسے کھا لیتا یا وہ خراب ہو جاتا ، یہ چیز ان پر بہت دشوار گزری تو انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے اس کا تذکرہ کیا اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی :’’ وہ آپ سے یتیموں کے بارے میں دریافت کرتے ہیں ، فرما دیجئے ان کے لیے اصلاح کرنا بہتر ہے ، اور اگر تم ان کو اپنے ساتھ ملا لو تو وہ تمہارے بھائی ہیں ۔‘‘ انہوں نے ان کا کھانا اپنے کھانے کے ساتھ اور پینا اپنے پینے کے ساتھ ملا لیا ۔ سندہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔
ابوموسی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے والد اور اس کے بچے کے درمیان ، نیز بھائیوں کے درمیان جدائی ڈالنے والے پر لعنت فرمائی ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابن ماجہ و الدارقطنی ۔
عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، جب نبی ﷺ کے پاس قیدی لائے جاتے تو آپ ایک گھر کے تمام افراد کسی ایک کو عطا فرما دیتے کیونکہ آپ کو ان میں جدائی ڈالنا ناپسند تھا ۔ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ ابن ماجہ ۔
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا میں تمہیں تمہارے بُرے لوگوں کے متعلق نہ بتاؤں ، وہ شخص ہے جو (بخل و تکبر کی وجہ سے) اکیلا کھاتا ہے ، اپنے غلام کو مارتا ہے اور اپنا عطیہ اس کے مستحق کو نہیں دیتا ۔‘‘ لم اجدہ ، رواہ رزین ۔
ابوبکر صدیق ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ (مملوکوں سے) بُرا سلوک کرنے والا جنت میں نہیں جائے گا ۔‘‘ صحابہ کرام نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! کیا آپ نے ہمیں نہیں بتایا کہ اس امت میں تمام امتوں سے زیادہ مملوک اور یتیم ہوں گے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہاں ، تم ان کی اپنی اولاد کی طرح تکریم کرو اور جو خود کھاؤ وہی انہیں کھلاؤ ۔‘‘ انہوں نے عرض کیا : ہمیں دنیا میں کون سی چیز فائدہ دے گی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ گھوڑا جسے تو تیار رکھے تاکہ تو اس پر اللہ کی راہ میں جہاد کرے ، اور مملوک جو تجھے کفایت کرے ، جب وہ نماز پڑھے تو وہ تمہارا بھائی ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابن ماجہ ۔