عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک اللہ تعالیٰ نرمی کرنے والا ہے ، نرمی کو پسند فرماتا ہے ، اور وہ جس قدر نرمی پر عطا کرتا ہے ، وہ سختی پر عطا نہیں کرتا نہ اس کے علاوہ کسی اور چیز پر عطا کرتا ہے ۔‘‘ اور مسلم ہی کی روایت میں ہے : آپ ﷺ نے عائشہ ؓ سے فرمایا :’’ نرمی اختیار کرو ، سختی اور بدزبانی سے اجتناب کرو ، بے شک جس چیز میں نرمی ہوتی ہے تو وہ اس (چیز) کو مزین کر دیتی ہے اور جس چیز سے اسے نکال لیا جاتا ہے تو وہ اسے عیب دار بنا دیتی ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
جریر ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ نرمی سے محروم شخص (ہر قسم کی) خیر و بھلائی سے محروم ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ انصار کے ایک آدمی کے پاس سے گزرے جو اپنے بھائی کو حیا کے متعلق نصیحت کر رہا تھا (کہ اتنے شرمیلے نہ بنو) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے چھوڑ دو ، کیونکہ حیا ایمان کا حصہ ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
عمران بن حصین ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ حیا خیر ہی لاتا ہے ۔‘‘ ایک روایت میں ہے :’’ حیا تو سرآپا خیر ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ لوگوں نے سابقہ انبیا ؑ کے کلام سے جو پایا ہے اس میں یہ (مقولہ) بھی ہے کہ جب تو حیا نہیں کرتا تو پھر جو چاہے سو کر ۔‘‘ رواہ البخاری ۔
نواس بن سمعان ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ سے نیکی اور گناہ کے متعلق دریافت کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ نیکی ، اچھا اخلاق ہے ، جبکہ گناہ وہ ہے جو تیرے دل میں کھٹکے اور تو ناپسند کرے کہ لوگ اس سے مطلع ہو جائیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے مجھے سب سے زیادہ محبوب شخص وہ ہے جو تم میں اخلاق میں سب سے زیادہ اچھا ہے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔
عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو تم میں اخلاق میں سب سے زیادہ اچھا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص کو نرمی سے اس کا حصہ دیا گیا تو اسے دنیا و آخرت کی بھلائی سے اس کا حصہ دیا گیا اور جو شخص نرمی سے اپنے حصے سے محروم کر دیا گیا تو وہ دنیا و آخرت میں اپنے حصے کی بھلائی سے محروم کر دیا گیا ۔‘‘ حسن ، رواہ فی شرح السنہ ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ حیا ایمان کا حصہ ہے ، اور ایمان (والے) جنت میں ہوں گے ، جبکہ فحش گوئی برائی ہے اور برائی (والے) جہنم میں جائیں گے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی ۔
مزینہ قبیلے کے آدمی سے روایت ہے ، انہوں نے کہا : صحابہ ؓ نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! انسان کو جو عطا کیا گیا ہے اس میں سب سے بہتر چیز کونسی ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ حسن خلق ۔‘‘ صحیح ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔
وَفِي شَرْحِ السُّنَّةِ عَنْ أُسَامَةَ بْنِ شَرِيكٍ
اور شرح السنہ میں اسامہ بن شریک سے مروی ہے ۔ صحیح ، رواہ فی شرح السنہ ۔
حارثہ بن وہب ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بداخلاق اور سخت دل انسان جنت میں داخل نہیں ہو گا ۔‘‘ ابوداؤد ، بیہقی فی شعب الایمان ۔ اور جامع الاصول والے نے بھی اسے روایت کیا ہے ، اور اس میں حارثہ سے مروی ہے ، اور اسی طرح انہی سے شرح السنہ میں بھی مروی ہے ، اور اس کے الفاظ یہ ہیں ، فرمایا :’’ جواظ و جعظری ‘‘ جنت میں نہیں جائے گا ۔‘‘ جعظری کا یہ معنی کہا جاتا ہے :’’ سخت خو اور سخت گو ۔‘‘ اور مسابیح کے نسخوں میں عکرمہ بن وہب سے مروی ہے ، اور اس کے الفاظ ہیں :’’ جواظ ‘‘ کا معنی ہے : مال جمع کرنے والا بخیل ، اور ’’ جعظری ‘‘ کا معنی ہے :’’ سخت خو اور سخت گو ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد و البیھقی فی شعب الایمان و فی شرح السنہ و ذکر فی المصابیح السنہ ۔
ابودرداء ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ روز قیامت مومن کی میزان میں حسن خلق سے زیادہ بھاری چیز کوئی نہیں رکھی جائے گی ، اور اللہ یقیناً بدزبان اور بے ہودہ باتیں کرنے والے کو پسند نہیں فرماتا ۔‘‘ ترمذی ، اور فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ، اور ابوداؤد نے پہلا حصہ روایت کیا ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ بے شک مومن اپنے حسن خلق کی وجہ سے روزے دار اور تہجد گزار شخص کا درجہ پا لیتا ہے ۔‘‘ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔
ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا :’’ تم جہاں بھی ہو اللہ سے ڈرتے رہو ، اور برائی کے بعد نیکی کرو وہ اس (برائی) کو مٹا دے گی ، اور لوگوں کے ساتھ حسن اخلاق کے ساتھ پیش آؤ ۔‘‘ حسن ، رواہ احمدو الترمذی و الدارمی ۔
عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا میں تمہیں ایسے لوگوں کے متعلق نہ بتاؤں جو جہنم کی آگ پر یا جہنم کی آگ ان پر حرام ہے ؟ وہ ہر آسانی کرنے والے ، نرمی کرنے والے ، قریب رہنے والے ، نرم خو پر حرام ہے ۔‘‘ احمد ، ترمذی ، اور فرمایا : یہ حدیث حسن غریب ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی ۔
ابوہریرہ ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ مومن بھولا بھالا سخی ہوتا ہے جبکہ فاجر دھوکہ باز ، بخیل ہوتا ہے ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ احمد و الترمذی و ابوداؤد ۔
مکحول بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مومن نرم مزاج اور باوقار ہوتے ہیں جیسے مہار دار اونٹ ، جب اسے چلایا جاتا ہے تو چل پڑتا ہے اور اگر اسے چٹان پر بٹھایا جاتا ہے تو وہ بیٹھ جاتا ہے ۔‘‘ امام ترمذی نے اسے مرسل روایت کیا ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔
ابن عمر ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ایسا مسلمان جو لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے اور ان کی ایذاؤں پر صبر کرتا ہے وہ اس سے افضل ہے جو ان کے ساتھ مل جل کر نہیں رہتا اور نہ ان کی ایذاؤں پر صبر کرتا ہے ۔‘‘ صحیح ، رواہ الترمذی و ابن ماجہ ۔