مسنداحمد

Musnad Ahmad

خوابوں کی تعبیر کا بیان

اس امر کا بیان کہ مومن کا خواب نبوت کے اجزاء میں سے ہے

۔

۔ سیدنا ابورزین ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: خواب پرندے کے پائوں کے ساتھ لٹکا دیا گیا ہے، یہ اس وقت تک ہے کہ جب تک اس کی تعبیر نہ کر دی جائے، جب اس کی تعبیر کر دی جاتی ہے تو وہ واقع ہوجاتا ہے اور اس کا ذکر صرف عالم سے یا خیر خواہ سے یا عقلمند سے کیا کرو اور نیک خواب نبوت کا چالیسواں حصہ ہے۔

۔

۔ سیدنا جابر بن عبداللہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: مؤمن آدمی کا خواب نبوت کا حصہ ہے۔

۔

۔ سیدنا عبادہ بن صامت ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: مومن کا خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے۔

۔

۔ سیدنا انس بن مالک ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: نیک آدمی کا اچھا خواب نبوت کا چھیالیسوں حصہ ہے۔

۔

۔ سیدنا ابوہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے بھی اسی طرح کی حدیث روایت کی ہے۔

۔

۔ سیدنا عبداللہ بن عمرو ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی کے فرمان {لَہُمُ الْبُشْرٰی فِی الْحَیَاۃِ الدُّنْیَا}… (ان کے لیے دنیوی زندگی میں خوشخبری ہے) اس خوشخبری سے مراد اچھا خواب ہے، جس میں مومن کو خوشخبری دی جاتی ہے، یہ نبوت کا انچاسواں حصہ ہے، جو ایسا خواب دیکھے، وہ دوسرے کو بتائے اور اگر اس کے علاوہ کوئی اور قسم کا خواب ہو، (جو اچھا نہ ہو) تو وہ شیطان کی طرف سے ہے، جو اسے پریشان کرتا ہے، وہ کسی کو اس کی خبر نہ دے اور تین مرتبہ بائیں طرف تھوکے اور خاموش ہو جائے اور کسی کو نہ بتلائے۔

۔

۔ سیدنا ابن عباس ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اچھا خواب نبوت کا سترھواں حصہ ہے۔

۔

۔ سیدنا ابن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اچھا خواب نبوت کا سترواں حصہ ہے، جو خواب میں بھلائی دیکھے تو وہ اس پر اللہ تعالی کی تعریف کرے اور اس خواب کو بیان کرے اور جو آدمی بھلائی والے خواب کے علاوہ کوئی اور خواب دیکھے تو وہ اپنے خواب کے شرّ سے اللہ تعالی کی پناہ طلب کرے اور کسی کے سامنے اس کا ذکر نہ کرے، پس یہ اسے نقصان نہیں دے گا۔