۔ ابو تمیمہ ہجیمی سے مروی ہے، وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ردیف سے بیان کرتے ہیں کہ وہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سواری پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیچھے بیٹھا ہوا تھا، اچانک جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سواری پھسلی تو اس نے کہا: شیطان کا ستیاناس ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: یہ نہ کہو، اس طرح سے وہ خود کو بڑا سمجھتا ہے یہاں تک کہ وہ خوشی سے پھول کر پہاڑ جتناہو جاتا ہے اور کہتاہے میں نے اپنی قوت سے اسے گرا دیا ہے، لیکن جب تم بسم اللہ کہو گے تووہ چھوٹا ہو جاتا ہے، یہاں تک کہ مکھی کے برابر ہو جاتا ہے۔
۔ سیدنا ام سلمہ رضی اللہ عنہ بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک ایک آیت پر ٹھہر ٹھہر کر تلاوت کرتے :{بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ مَالِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ۔} (یعنی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک ایک آیت پر ٹھہر تے تھے)۔