مسنداحمد

Musnad Ahmad

سنہ (۱) ہجری کے اہم واقعات

ان لوگوں کا بیان جو اس بات کے قائل ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بیت اللہ کے اندر نماز ادا کی تھی

۔ (۱۰۸۷۰)۔ عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ: دَخَلَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم یَوْمَ فَتْحِ مَکَّۃَ عَلٰی نَاقَۃٍ لِأُسَامَۃَ بْنِ زَیْدٍ حَتّٰی أَنَاخَ بِفِنَائِ الْکَعْبَۃِ، فَدَعَا عُثْمَانَ بْنَ طَلْحَۃَ بِالْمِفْتَاحِ، فَجَائَ بِہِ فَفَتَحَ، فَدَخَلَ النَّبِیُّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم وَأُسَامَۃُ وَبِلَالٌ وَعُثْمَانُ بْنُ طَلْحَۃَ، فَأَجَافُوا عَلَیْہِمْ الْبَابَ مَلِیًّا، ثُمَّ فَتَحُوہُ قَالَ عَبْدُ اللّٰہِ: فَبَادَرْتُ النَّاسَ فَوَجَدْتُ بِلَالًا عَلَی الْبَابِ قَائِمًا، فَقُلْتُ: أَیْنَ صَلّٰی رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم قَالَ: بَیْنَ الْعَمُودَیْنِ الْمُقَدَّمَیْنِ، قَالَ: وَنَسِیتُ أَنْ أَسْأَلَہُ کَمْ صَلّٰی۔ (مسند احمد: ۴۸۹۱)

سیدنا عبد اللہ بن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فتح مکہ والے دن سیدنا اسامہ بن زید ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی اونٹنی پر سوار ہو کر مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے اور آگے بڑھ کر کعبہ کے صحن میں اسے بٹھا دیا، پھر عثمان بن طلحہ کو بلایا کہ وہ بیت اللہ کی چابی لے کر آئے، پس وہ چابی لے کر آئے، پھر آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم بیت اللہ کا دروازہ کھول کر اندر داخل ہو گئے۔ سیدنا اسامہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ، سیدنا بلال ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ، سیدنا عثمان بن طلحہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ( اور ایک روایت کے مطابق سیدنا فضل بن عباس ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ )آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے ہمراہ بیت اللہ کے اندر چلے گئے، انہوں نے کافی دیر دروازہ بند رکھا، اس کے بعد جب کھولا تو میں (عبداللہ بن عمر)تیزی کے ساتھ لوگوں سے آگے نکل گیا اور میں نے سیدنا بلال ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو دروازے کے قریب کھڑے پایا۔ میں نے پوچھا کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے کس جگہ نماز ادا کی ہے؟ انہوں نے بتلایا کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے سامنے والے دو ستونوں کے درمیان نماز ادا کی ہے، لیکن میں یہ پوچھنا بھول گیا کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے کتنی رکعتیں ادا کی تھیں۔

۔ (۱۰۸۷۱)۔ (وَعَنْہُ مِنْ طَرِیْقٍ ثَانٍ بِنَحْوِہِ وَفِیْہِ): فَلَمَّا خَرَجَ سَاَلْتُ بِلَالًا مَاذَا صَنَعَ رَسُوْلُ اللّٰہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ؟ قَالَ: تَرَکَ عَمُوْدَیْنِ عَنْ یَمِیْنِہٖ وَعَمُوْدًا عَنْ یَسَارِہِ وَثَلاثَۃَ اَعْمِدَۃٍ خَلْفَہٗ،ثُمَّصَلّٰی وَبَیْنَہٗ وَبَیْنَ الْقِبْلَۃِ ثَلَاثَۃُ اَذْرُعٍ، قَالَ اِسْحَاقُ: وَکَانَ الْبَیْتُیَوْمَئِذٍ عَلٰی سِتَّۃِ اَعْمِدَۃٍ، وَلَمْ یَذْکُرِ الَّذِیْ بَیْنَہٗ وَبَیْنَ الْقِبْلَۃِ۔ (مسند احمد: ۵۹۲۷)

۔(دوسری سند) اسی طرح کی حدیث مروی ہے، البتہ اس میں ہے: جب آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم بیت اللہ سے باہر تشریف لائے تو میں نے سیدنا بلال ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے دریافت کیا کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بیت اللہ کے اندر کیا کچھ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے سامنے والے تین ستونوں میں سے دو ستون اپنی داہنی جانب، ایک ستون بائیں جانب اور پچھلے تینوں ستون پیچھے چھوڑ کر اس طرح کھڑے ہو کر نماز ادا کی آپ کے اور قبلہ کی دیوار کے درمیان تقریباً تین ہاتھ جتنا فاصلہ تھا۔ اسحاق راوی نے بیان کیا کہ ان دنوں بیت اللہ کی عمارت چھ ستونوں پر قائم تھی، اس راوی نے آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے اور قبلہ کے درمیانی فاصلہ کا ذکر نہیں کیا۔

۔ (۱۰۸۷۲)۔ عَنْ أَبِی الشَّعْثَائِ قَالَ: خَرَجْتُ حَاجًّا فَدَخَلْتُ الْبَیْتَ، فَلَمَّا کُنْتُ عِنْدَ السَّارِیَتَیْنِ مَضَیْتُ حَتّٰی لَزِقْتُ بِالْحَائِطِ، قَالَ: وَجَائَ ابْنُ عُمَرَ حَتّٰی قَامَ إِلٰی جَنْبِی فَصَلّٰی أَرْبَعًا، قَالَ: فَلَمَّا صَلّٰی، قُلْتُ لَہُ: أَیْنَ صَلّٰی رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم مِنَ الْبَیْتِ؟ قَالَ: فَقَالَ: ہَاہُنَا أَخْبَرَنِی أُسَامَۃُ بْنُ زَیْدٍ أَنَّہُ صَلّٰی، قَالَ: قُلْتُ: فَکَمْ صَلّٰی؟ قَالَ: عَلٰی ہٰذَا أَجِدُنِی أَلُومُ نَفْسِی أَنِّی مَکَثْتُ مَعَہُ عُمُرًا ثُمَّ لَمْ أَسْأَلْہُ کَمْ صَلّٰی، فَلَمَّا کَانَ الْعَامُ الْمُقْبِلُ، قَالَ: خَرَجْتُ حَاجًّا، قَالَ: فَجِئْتُ حَتّٰی قُمْتُ فِی مَقَامِہِ، قَالَ: فَجَائَ ابْنُ الزُّبَیْرِ حَتّٰی قَامَ إِلٰی جَنْبِی فَلَمْ یَزَلْیُزَاحِمُنِی حَتّٰی أَخْرَجَنِی مِنْہُ، ثُمَّ صَلّٰی فِیہِ أَرْبَعًا۔ (مسند احمد: ۲۲۱۲۳)

ابو شعثاء سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں حج کے ارادہ سے گیا اور بیت اللہ کے اندر بھی داخل ہوا، میں جب دو ستونوں کے درمیان پہنچا تو آگے آگے ہوتا گیا حتی کہ دیوار کے ساتھ جا لگا، پھر سیدنا ابن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ آگئے، وہ آکر میرے پہلو میں کھڑے ہو گئے اور انہوں نے چار رکعات ادا کیں، جب وہ نماز سے فارغ ہوئے تو میں نے ان سے دریافت کیا: رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بیت اللہ کے اندر کس جگہ نماز ادا کی تھی؟ انہوں نے بتایا کہ اس جگہ یعنی جہاں خود انہوں نے نماز ادا کی ہے۔ مزید انھوں نے کہا کہ اسامہ بن زید ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے ان کو بتلایا کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بیتاللہ کے اندر نماز ادا کی تھی۔ ابو شعثاء کہتے ہیں: میں نے ان سے پوچھا کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے کتنی رکعات ادا کی تھیں۔ انھوں نے کہا: اس بات پر تو میں خود کو ملامت کرتا ہوں کہ میں نے سیدنا اسامہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے ساتھ ایک طویل عرصہ گزارا، مگر میں ان سے یہ نہ پوچھ سکا کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے کتنی رکعت نماز ادا کی تھی؟ جب اگلا سال آیا اور میںپھر حج کے لیے گیا اور میں نے سیدنا ابن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ والی جگہ پرنماز ادا کر رہا تھا تو سیدنا ابن زبیر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ آکر میرے پہلو میں کھڑے ہو گئے، وہ مجھے دھکیلتے رہے،یہاں تک کہ انہوں نے مجھے وہاں سے نکال ہی دیا، پھر انہوں نے چار رکعات ادا کیں۔

۔ (۱۰۸۷۳)۔ حَدَّثَنِی ابْنُ أَبِی مُلَیْکَۃَ أَنَّ مُعَاوِیَۃَ حَجَّ فَأَرْسَلَ إِلَی شَیْبَۃَ بْنِ عُثْمَانَ أَنِ افْتَحْ بَابَ الْکَعْبَۃِ، فَقَالَ: عَلَیَّ بِعَبْدِ اللّٰہِ بْنِ عُمَرَ، قَالَ: فَجَائَ ابْنُ عُمَرَ: فَقَالَ لَہُ مُعَاوِیَۃُ: ہَلْ بَلَغَکَ أَنَّ رَسُولَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم صَلّٰی فِی الْکَعْبَۃِ، فَقَالَ: نَعَمْ، دَخَلَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم الْکَعْبَۃَ، فَتَأَخَّرَ خُرُوجُہُ فَوَجَدْتُ شَیْئًا، فَذَہَبْتُ ثُمَّ جِئْتُ سَرِیعًا، فَوَجَدْتُ رَسُولَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم خَارِجًا، فَسَأَلْتُ بِلَالَ بْنَ رَبَاحٍ، ہَلْ صَلّٰی رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فِی الْکَعْبَۃِ؟ قَالَ: نَعَمْ، رَکَعَ رَکْعَتَیْنِ بَیْنَ السَّارِیَتَیْنِ، زَادَ فِیْ رِوَایَۃٍ: فَقَامَ مُعَاوِیَۃُ فَصَلّٰی بَیْنَہُمَا۔ (مسند احمد: ۲۴۳۸۲)

ابن ابی ملیکہ سے مروی ہے کہ سیدنا معاویہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ حج کے لیے تشریف لائے اور انہوں نے شیبہ بن عثمان کو پیغام بھیجا کہ وہ کعبہ کا دروازہ کھولے۔ پھر انھوں نے کہا کہ سیدنا عبداللہ بن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو میرے پاس بلاؤ، سیدنا معاویہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے ان سے پوچھا کیایہبات آپ کے علم میں ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے کعبہ کے اندر نماز ادا کی تھی؟ انہوں نے کہا: جی ہاں، رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کعبہ کے اندر داخل ہوئے تھے اور جب آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے باہر آنے میں کافی دیر کر دی تو میں نے کوئی چیز محسوس کی، پس میں گیا پھر میں جلدی واپس آیا، لیکن میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو دیکھا کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم باہر تشریف لا چکے تھے، میں نے سیدنا بلال بن رباح ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے دریافت کیا کہ کیا رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بیت اللہ کے اندر نماز ادا کی ہے؟ انہوں نے کہا: جی ہاں، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے دو ستونوں کے درمیان دو رکعتیں ادا کی ہیں۔پس سیدنا معاویہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ اُٹھے اور دونوں ستونوں کے درمیان نماز ادا کی۔

۔ (۱۰۸۷۴)۔ (وَعَنْہُ مِنْ طَرِیْقٍ ثَانٍ) اَنَّ مُعَاوِیَۃَ قَدِمَ مَکَّۃَ فَدَخَلَ الْکَعْبَۃَ فَبَعَثَ اِلَی ابْنِ عُمَرَ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ اَیْنَ صَلّٰی رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ؟ فَقَالَ: صَلّٰی بَیَْن السَّارِیَتَیْنِ بِحَیَالِ الْبَابِ، فَجَائَ ابْنُ الزُّبَیْرِ فَرَجَّ الْبَابَ رَجًّا شَدِیْدًا، فَفُتِحَ لَہٗفَقَالَلِمُعَاوِیَۃَ: اَمَا اَنَّکَ قَدْ عَلِمْتَ اَنِّیْ کُنْتُ اَعْلَمُ مِثْلَ الَّذِیْیَعْلَمُ وَلٰکِنَّکَ حَسَدْتَّنِیْ۔ (مسند احمد: ۵۴۴۹)

۔(دوسری سند) سیدنا معاویہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ مکہ مکرمہ تشریف لائے اور کعبہ کے اندر داخل ہونے لگے تو عبداللہ بن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو پیغام بھیج کر دریافت کیا کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے کس مقام پر نماز ادا کی تھی؟ انہوں نے بتلایا کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے دروازے کے سامنے دو ستونوں کے درمیان نماز ادا کی تھی۔ اتنے میں سیدنا ابن زبیر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ آگئے اور انہوں نے بیت اللہ کے دروازے کو زور زور سے پیٹا، سو ان کے لیے دروازہ کھول دیا گیا،انہوں نے سیدنا معاویہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے کہا: آپ تو جانتے ہیں کہ میں بھی اس بات کو سیدنا ابن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی طرح جانتا ہوں، لیکن آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے مجھ سے حسد کیا ہے (اور مجھے نہیں بلایا)۔

۔ (۱۰۸۷۵)۔ عَنْ سِمَاکٍ الْحَنَفِیِّ قَالَ: سَمِعْتُ ابْنَ عُمَرَ یَقُولُ: إِنَّ رَسُولَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم صَلّٰی فِی الْبَیْتِ، وَسَتَأْتُونَ مَنْ یَنْہَاکُمْ عَنْہُ، فَتَسْمَعُونَ مِنْہُ یَعْنِی ابْنَ عَبَّاسٍ، قَالَ حَجَّاجٌ: فَتَسْمَعُونَ مِنْ قَوْلِہِ، قَالَ: ابْنُ جَعْفَرٍ وَابْنُ عَبَّاسٍ جَالِسٌ قَرِیبًا مِنْہُ۔ (مسند احمد: ۵۰۵۳)

سماک حنفی سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے ابن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بیت اللہ کے اندر نماز ادا کی تھی، عنقریب کچھ لوگ آئیں گے جو تمہیں بیت اللہ کے اندر نماز ادا کرنے سے روکیں گے۔ سیدنا ابن عباس ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ان کے قریب ہی بیٹھے تھے، سیدنا ابن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے ان کی طرف اشارہ کر کے کہا: ان سے بھی تم ایسی ہی بات سنو گے۔

۔ (۱۰۸۷۶)۔ عَنْ أُسَامَۃَ بْنِ زَیْدٍ، قَالَ : صَلّٰی رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فِي الْبَیْتِ۔ (مسند احمد: ۲۲۱۰۲)

سیدنا اسامہ بن زید ‌رضی ‌اللہ ‌عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بیت اللہ میں نماز ادا کی۔