سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کبھی خضاب نہیں لگایا، بس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی داڑھی مبارک کے سامنے والے حصے میں، داڑھی بچے میں، کنپٹیوں میں اتنے معمولی بال سفید تھے کہ ان کو دیکھنا بھی مشکل ہوتا تھا، البتہ سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ مہندی سے رنگا کرتے تھے۔
حریز بن عثمان سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: ہم بچے تھے اور صحابی ٔ رسول سیدنا عبداللہ بن بسر رضی اللہ عنہ کی خدمت میں بیٹھے تھے اور ہم ان سے اچھے انداز میں سوال و جواب نہیں کرسکتے تھے۔ میں نے عرض کیا: آیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بوڑھے ہوگئے تھے؟ انہوں نے کہا: بس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے داڑھی بچہ میں چند سفید بال تھے۔
سماک سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے سنا کہ سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سفید بالوں کے بارے میں دریافت کیا گیا، انھوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سر میں چند سفید بال تھے، جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تیل لگاتے تو وہ نمایاں نہ ہوتے تھے اور جب تیل نہ لگایا ہوتا تو وہ نظر آتے تھے۔
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بیس کے قریب بال سفید تھے۔
سیدنا ابو رمثہ تیمی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں آیا، میرا بیٹا بھی میرے ساتھ تھا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دریافت فرمایا: کیایہ تمہارا بیٹا ہے؟ میں نے عرض کیا: جی میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں (کہ یہ واقعی میرا بیٹا ہے)، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کسی کے جرم کا وبال دوسرے پر نہیں آتا۔ ابو رمثہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سفید بالوں کو سرخ دیکھا۔
سیدنا ابو رمثہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں اپنے والدکے ہمراہ روانہ ہوا، ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے، میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سر کے بالوں میں مہندی کا رنگ دیکھا۔
عثمان بن عبداللہ کہتے ہیں: میں ام المومنین سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے پاس گیا، انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کچھ بال نکالے، وہ مہندی اور کتم بوئی سے رنگے ہوئے تھے۔
ابو جحیفہ وہب بن عبداللہ سوائی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ابطح کے مقام پر دیکھا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے وہاں عصر کی نماز دو رکعتیں ادا کی اور اپنے سامنے اور گزرنے والوں کے درمیان ایک نیزہ گاڑھا اور میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نچلے ہونٹ کے نیچے داڑھی بچہ میں کچھ سفید بال بھی دیکھے۔