سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ازواج ایک دن آپ کے پاس جمع تھیں، انہوںنے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دریافت کیا: اے اللہ کے نبی! ہم میں سے سب سے پہلے کون سی بیوی آپ کو جاملے گی؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے جس کے ہاتھ سب سے لمبے ہیں، وہ سب سے پہلے مجھے آکر ملے گی۔ ہم نے ایک سرکنڈا لے کر ہاتھوں کی پیمائش کی، تو ہم میں سے سیدہ سودہ بنت زمعہ رضی اللہ عنہا کا ہاتھ سب سے طویل تھا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات ہوئی تو ہم میں سے سب سے پہلے سیدہ سودہ رضی اللہ عنہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جا ملیں،یعنی ازواج مطہرات میں سب سے پہلے ان کا انتقال ہوا، توہمیں بعد میں اس حقیقت کا پتہ چلا کہ ان کا ہاتھ صدقہ کرنے میں لمبا تھا، وہ صدقہ کرنے کو بہت زیادہ پسند کرتی تھیں۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جیسا ولیمہ ام المؤمنین سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے ساتھ نکاح کے موقع پر کیا تھا، ویسا ولیمہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دوسری کسی اہلیہ کے ساتھ نکاح کے موقع پر نہیں کیا۔ ثابت بنانی نے دریافت کیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کیا ولیمہ کیا تھا؟ انھوں نے کہا: آپ نے لوگوں کو اس قدر گوشت روٹی کھلائی کہ لوگوں سے کھانا بچ رہا۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ام المؤمنین سیدہ زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی باقی بیویوں پر فخر کرتے ہوئے کہا کرتی تھیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ میرا نکاح اللہ تعالیٰ نے آسمان پر سے کیا تھا۔