سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کسی نے کہا: قیامت کا دن، جو پچاس ہزار برس کے برابر ہوگا،وہ کس قدر طویل دن ہوگا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! وہ دن مومن کے لیے اس قدر مختصر ہوگا کہ جتنی دیر میں دنیا میںایک فرضی نماز ادا کرتا ہے، اس وقت سے بھی کم محسوس ہو گا۔
سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: قیامت کے دن سورج زمین کے بہت قریب آجائے گا، اس وجہ سے لوگ پسینے میں شرابور ہوںگے، بعض لوگوں کا پسینہ ایڑیوں تک، بعض نصف پنڈلی تک، بعض کا گھٹنوں تک اور بعض کا دبر تک ، بعض کا کوکھ تک، بعض کا کندھوں تک ، بعض کا گردن تک اور بعض کا منہ تک پہنچ جائے گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کر کے منہ تک کی کیفیت بیان کی اور بعض لوگوں کا پسینہ تو ان کو ڈھانپ لے گا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا۔
سیدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: قیامت کے دن سورج ایک نیزے کے بقدر قریب آجائے گا اور اس کی حرارت بھی کئی گناہ بڑھ جائے گی، اس کی حرارت کی وجہ سے دماغ یوں کھولیں گے، جیسے ہنڈیا ابلتی ہیں، لوگ اپنے اپنے گناہوں کے حساب سے پسینے میں شرابور ہوں گے، بعض لوگوں کا پسینہ ٹخنوں تک ، بعض کا پنڈلیوں تک، بعض کا کمر تک اور بعض کا منہ تک پہنچ جائے گا۔
سیدنا مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب قیامت کا دن ہوگا تو سورج انسانوں کے اتنا قریب ہو جائے گا کہ وہ ایک یا دومیل کے فاصلے پر ہو گا، سورج ان کو جھلسے گا اور لوگ اپنے اپنے اعمال کے مطابق پسینے میں شرابور ہوں گے، بعض کا ایڑیوں تک اور بعض کا کمر تک ہو گا اور بعض کا منہ تک پہنچ جائے گا۔
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: قیامت کے دن پسینہ زمین پر ستر ہاتھ تک پھیل جائے گا اور وہ لوگوں کے مونہوں یا گردنوں تک پہنچ جائے گا۔
سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: قیامت کے دن رحمان کی تعظیم کے لیے لوگ ربّ العالمین کے لیے کھڑے ہوں گے، یہاں تک کہ پسینہ ان کے نصف کانوں تک پہنچا ہوا ہو گا۔