سیدنا عبد اللہ بن ابی جد عاء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، نبی کر یم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میری امت کے ایک آدمی کی شفاعت کی وجہ سے قبیلہ ٔ بنو تمیم کے افراد سے بھی زیادہ لوگ جنت میں داخل ہوں گے۔ صحابہ نے کہا: اے اللہ کے رسول! یہ آدمی آپ کے علاوہ ہو گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: وہ میرے علاوہ ہو گا، میرے علاوہ۔ عبد اللہ بن شقیق کہتے ہیں: میں نے کہا کہ تو نے خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سنا ہے؟ انھوں نے کہا: جی ہاں، میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خود سنا ہے۔
سیدناابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ایک آدمی، جو نبی بھی نہیں ہوگا، کی سفارش کی وجہ سے ربیعہ اور مضر دونوں یا ان میں سے ایک قبیلے کے افراد جتنے لوگ جنت میں داخل ہوں گے۔ ایک شخص نے کہا: اے اللہ کے رسول ! کیا ربیعہ بھی مضر میں سے نہیں ہیں؟ فرمایا: میں نے جو بات کہہ دی، سو کہہ دی۔
سیدنا ابو برزہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میری امت میں ایسے لوگ بھی ہیں، جو ربیعہ اور مضر کے قبیلوں کے افراد کی تعداد سے بھی زیادہ لوگوں کے حق میں شفاعت کریں گے، لیکن ایسے گنہگار لوگ بھی میری امت میں ہیں، کہ جو جہنم میں اس قدر بڑے ہو جائیں گے کہ جہنم کے کونوں میں ایک کونہ بن جائیں گے۔
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،نبی کر یم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ہر نبی کو ایک دعا بطورِ عطیہ دی گئی اور ہر نبی نے دنیا میں ہی جلدی جلدی وہ قبول کروا لی، لیکن میں نے اپنے عطیہ کو آخرت میں اپنی امت کے حق میں شفاعت کے لیے مؤخر کر رکھا ہے،جبکہ میری تو امت کا یہ حال ہو گا کہ اس کا ایک آدمی لوگوں کی بڑی بڑی جماعتوں کے حق میں شفاعت کرے گا اور وہ اس کے نتیجے میں جنت میں داخل ہو جائیں گے اور ایک آدمی ایک قبیلہ کے حق میں، ایک آدمی ایک گروہ کے حق میں، ایک آدمی تین افراد کے حق میں، ایک آدمی دو بندوں کے حق میں اور ایک آدمی ایک فرد کے حق میں شفاعت کرے گا۔
۔ (دوسری سند) اس میں ہے: اور کوئی آدمی، ایک فرد اور اس کے اہل خانہ کے حق میں شفاعت کرے گا،جس کے نتیجے میں وہ لوگ جنت میں داخل ہو جائیں گے۔