سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہم سے فرمایا: جنت میں ایک نہر کا نام کوثر ہے، اس کے دونوں کنارے سونے کے ہیں، اس کا پانی موتیوں پر بہتا ہے، اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ میٹھا ہے۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میں جنت میں داخل ہوا، میں نے وہاں ایک ایسی نہر دیکھی، اس کے کنارے خیموں والے موتیوں کے تھے، میں نے اس میں بہتے ہوئے پانی میں ہاتھ ڈالا تو اس میں سے انتہائی تیز مہکنے والے کستوری تھی، میں نے کہا: جبرائیل ! یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: یہ وہ کوثر ہے، جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا کی ہے۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے یہ بھی روایت ہے ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جنت میں ایک نہر کا نام کوثر ہے اور میرے ربّ نے مجھ سے اس کا وعدہ کیا ہے۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کوثر کے متعلق پوچھا گیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: وہ ایک نہر ہے، جو میرے ربّ نے مجھے عطا کی ہے، اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ شیریں ہے او راس میں اونٹ کی گردن جیسے بڑے بڑے پرندے ہوں گے۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: اے اللہ کے رسول! وہ پرندے تو بڑے عمدہ ہوں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: عمر! ان کو کھانے والے ان سے بھی بہتر اور افضل ہوں گے۔