سیدنا حذیفہ بن یمان ؓ سے مروی ہے کہ جب ان کو یہ بات پہنچی کہ سیدنا ابو موسی ؓ(پیشاب کے چھینٹوں سے بچنے کے لیے) ایک شیشی میں پیشاب کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جب بنو اسرائیل کے کسی فرد کو پیشاب لگ جاتا تو وہ اس جگہ کوکاٹتا تھا، توا نھوں نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ تمہارا یہ ساتھی اس قدر سختی نہ کرے، میں نے خود کو دیکھا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ چل رہا تھا، پس جب ہم کوڑا کرکٹ والی ایک جگہ کے پاس پہنچے تو تمہاری طرح ہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کھڑے ہو کر پیشاب کیا، میں یہ دیکھ کر دور ہٹنا شروع ہو گیا، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: قریب ہو جا۔ پس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریب ہو گیا، یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایڑیوں کے پاس کھڑا ہو گیا۔
۔ (دوسری سند) سیدنا حذیفہ ؓ کہتے ہیں: میں ایک راستے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھا، پس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ذرا ہٹ کر ایک قوم کے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر کے پاس آگئے، پس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دور ہو گیا، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھے اپنے قریب کر لیا، یہاں تک کہ میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایڑیوں کے پاس کھڑا ہو گیا، پس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کھڑے ہو پیشاب کیا اور پھر پانی منگوا کر وضو کیا اور موزوں پر مسح کیا۔
سیدنا مغیرہ بن شعبہ ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک قوم کے گندگی والے ڈھیر پر آئے اور کھڑے ہو کر پیشاب کیا۔ حماد بن ابی سلیمان نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی ٹانگوں کو کھلا کیا۔
سیدہ عائشہؓ سے مروی ہے، وہ کہتی ہیں: جو آدمی تجھے یہ بات بیان کرے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کھڑے ہو پیشاب کیا ہے تو تو اس کی تصدیق نہ کر، کیونکہ جب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قرآن کا نزول شروع ہوا، اس وقت سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کھڑے ہو کر پیشاب نہیں کیا۔