سیدنا مہاجر بن قنفذؓ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سلام کہا، جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وضو کر رہے تھے، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میرا جواب نہیں دیا، یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے وضو کیا اور پھر جواب دیا اور فرمایا: مجھے اس چیز نے تیرا جواب دینے سے روکا کہ میں طہارت کے بغیر اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنا ناپسند کرتا ہوں۔ اسی حدیث کی وجہ سے جنابِ حسن طہارت کے بغیر قراء ت کرنے یا اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے کو ناپسند کرتے تھے۔
سیدنا مہاجر بن قنفذؓ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سلام کہا، جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وضو کر رہے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سلام کا جواب نہ دیا، پس جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے وضو سے فارغ ہوئے تو فرمایا: مجھے اس چیز نے تیرے سلام کا جواب دینے سے روکا کہ میں باوضو نہیں تھا۔ ایک روایت میں ہے: میں نے بغیر طہارت کے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے کو ناپسند کیا۔
۔ (دوسری سند) نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیشاب کر رہے تھے یا پیشاب کر چکے تھے کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سلام کہا، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھے جواب نہیں دیا، یہاں تک کہ وضو کیا اور پھر میرا جواب دیا۔
سیدنا عبد اللہ بن حنظلہ ؓ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نے نبی ٔکریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سلام کہا، جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیشاب کر چکے تھے، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس وقت تک اس کا جواب نہیں دیا، یہاںتک کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیوار پر ہاتھ مار کر تیمم کر لیا۔ (پھر سلام کا جواب دیا)