۔ سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب تم گوشت پکائو تو اس میں پانی زیادہ ڈال کر شوربا وافر بنایا کرو، اس سے پڑوسیوں کو دینے کے لیے بھی کافی گنجائش نکل آتی ہے۔
۔ عبد اللہ بن حارث کہتے ہیں: سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں میرے باپ نے میری شادی کی اور انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ کرام میں سے کچھ افراد کو بھی مدعو کیا، سیدنا صفوان بن امیہ رضی اللہ عنہ بھی تشریف لائے، جو بہت بوڑھے ہو چکے تھے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: گوشت دانتوں سے نوچ کر کھائو اس طرح کھانا زیادہ لذیز اور زود ہضم اور طبیعت و تمنا کے زیادہ موافق ہے۔
۔ سیدنا صفوان بن امیہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ مجھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیکھا کہ میں ہڈی سے گوشت ہاتھ کے ساتھ اتار رہا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اے صفوان! میں نے کہا: جی میں حاضر ہوں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: گوشت اپنے منہ کے قریب کر لو اور اسے دانتوں سے نوچ کرکھائو، یہ زیادہ لذیز بھی ہے اور زود ہضم بھی ہے۔
۔ سیدہ اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب وہ ثرید بناتیں تو اسے کچھ دیر کے لیے ڈھانپ دیتیں تاکہ اس کی گرمی کا جوش کم ہو جائے اور فرماتیں، میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ اس طرح سے کھانے میں بہت زیادہ برکت آ جاتی ہے۔