عبد اللہ بن قارظ کہتے ہیں: میں سیدنا ابو ہریرہ ؓ کے پاس سے گزرا، جبکہ وہ وضو کر رہے تھے، انھوں نے مجھ سے کہا: کیا تو جانتا ہے کہ میں کس چیز سے وضو کر رہا ہوں؟ پنیر کے ٹکڑے کھانے کی وجہ سے، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جس چیز کو آگ پر پکایا گیا ہو، اس کو کھانے سے وضو کیا کرو۔
سیدنا زید بن ثابت ؓ نے بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اس قسم کی حدیث بیان کی ہے۔
سیدنا ابو موسی اشعریؓ سے مروی ہے ، وہ کہتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: آگ نے جس چیز کا رنگ تبدل کیا ہو، اس کو کھانے سے وضو کیا کرو۔
سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پنیر کا ایک ٹکڑا کھایا اور اس سے وضو کیا اور نماز پڑھی۔
سیدنا معاویہؓ کا غلام قاسم کہتا ہے: میں مسجد ِ دمشق میں داخل ہوا اور دیکھا کہ لوگ جمع ہیں اور ایک بزرگ ان کو احادیث بیان کر رہے ہیں، میں نے کہا: یہ بزرگ کون ہیں؟ انھوں نے کہا: یہ سیدنا سہیل بن حظلیہ ؓ ہیں، پھر میں نے ان کو یہ حدیث بیان کرتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جو آدمی گوشت کھائے، وہ وضو کرے۔