40 The signs till now were mentioned as arguments for Tauhid. This sign has been mentioned to make man realize that whatever powers he has been given over the forces of nature, have been given him by AIlah and are not of his own acquirement. And whatever methods he has discovered of exploiting these forces; have been discovered also through the guidance of Allah and not solely by himself. Man did not havc the power and strength to have subdued these great forces by his own power, nor the capability to have discovered the secrets of nature himself and known the methods of taking service from them. Then he can use and employ the forces over which he has been given control by Allah only till the time that Allah wills them to remain subdued to him. For when Allah wills otherwise the same forces which were serving man turn against him suddenly and he finds himself utterly helpless before them. To call man's attention to this reality Allah has presented the case of the sea journey only as an example. The whole human race would havc perished in the Flood had Allah not taught the method of making the vessel to the Prophet Noah and had his followers not boarded it. Then the scattering of the human race over the whole earth became possible only because the people learnt the principles of building vessels from Allah and became able to cross the rivers and oceans. But from that humble beginning till today in spite of making great strides in the art of building huge ships and attaining every possible perfection in the science of navigation, man cannot claim that he has brought the rivers and the oceans fully under his control and power. Even today the water of God is still in God's own power alone and whenever He wills He drowns man along with his ships in it.
سورة یٰسٓ حاشیہ نمبر :40
پچھلی نشانیوں کا ذکر دلائل توحید کی حیثیت سے کیا گیا تھا ، اور اس نشانی کا ذکر یہ احساس دلانے کے لیے فرمایا گیا ہے کہ انسان کو فطرت کی طاقتوں پر تصرف کے جو اختیارات بھی حاصل ہیں وہ اللہ کے دیے ہوئے ہیں ، اس کے اپنے حاصل کیے ہوئے نہیں ہیں ۔ اور ان طاقتوں پر تصرف کے جو طریقے اس نے دریافت کیے ہیں وہ بھی اللہ کی رہنمائی سے اس کے علم میں آئے ہیں ، اس کے اپنے معلوم کیے ہوئے نہیں ہیں ۔ انسان کا اپنا بل بوتا یہ نہ تھا کہ اپنے زور سے وہ ان عظیم طاقتوں کو مسخر کرتا اور نہ اس میں یہ صلاحیت تھی کہ خود اسرار فطرت کا پتہ چلا لیتا اور ان قوتوں سے کام لینے کے طریقے جان سکتا ۔ پھر جن قوتوں پر بھی اللہ نے اس کو اقتدار عطا کیا ہے ان پر اس کا قابو اسی وقت تک چلتا ہے جب تک اللہ کی مرضی یہ ہوتی ہے کہ وہ اس کے لیے مسخر ہیں ۔ ورنہ جب مرضی الٰہی کچھ اور ہوتی ہے تو وہی طاقتیں جو انسان کی خدمت میں لگی ہوتی ہیں ، اچانک اس پر پلٹ پڑتی ہیں اور آدمی اپنے آپ کو ان کے سامنے بالکل بے بس پاتا ہے ۔ اس حقیقت پر متنبہ کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے بحری سفر کے معاملہ کو محض بطور نمونہ پیش کیا ہے ۔ نوع انسانی پوری کی پوری طوفان میں ختم ہو جاتی اگر اللہ تعالیٰ کشتی بنانے کا طریقہ حضرت نوح علیہ السلام کو نہ سجھا دیتا اور ان پر ایمان لانے والے لوگ اس میں سوار نہ ہو جاتے ۔ پھر نوع انسانی کے لیے تمام روئے زمین پر پھیلنا اسی وجہ سے ممکن ہوا کہ اللہ سے کشتی سازی کے اصولوں کا علم پاکر لوگ دریاؤں اور سمندروں کو عبور کرنے کے لائق ہو گئے مگر اس ابتدا سے چل کر آج کے عظیم الشان جہازوں کی تعمیر تک انسان نے جتنی کچھ ترقی کی ہے اور جہاز رانی کے فن میں جتنا کچھ بھی کمال حاصل کیا ہے اس کے باوجود وہ یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ دریا اور سمندر ، سب اس کے قابو میں آ گئے ہیں اور ان پر اسے مکمل غلبہ حاصل ہو گیا ہے ۔ آج بھی خدا کا پانی خدا ہی کے قبضۂ قدرت میں ہے اور جب وہ چاہتا ہے انسان کو اس کے جہازوں سمیت اس میں غرق کر دیتا ہے ۔