60 One meaning of what they said is: "Your movement has proved to be an evil omen for us. Since you and your companions have revolted against the ancestral religion, one or the other calamity is befalling us almost daily, because our deities have become angry with us. In this sense, this saying is similar to the sayings of most of those polytheistic nations who regarded their Prophets as ominous. In Surah Ya Sin, for instance, a nation has been mentioned, which said to its Prophet "We regard you as an evil omen for ourselves." (v. 18) The same thing was said by the Pharaoh's people about the Prophet Moses: "Whenever a good time came, they would say, `This is but our due', and when there was a bad time, they would ascribe their calamities to Moses and his companions." (AIA`raf 130) Almost similar things were said in Makkah about the Holy Prophet also. The other meaning of their saying is this: "Your advent has stirred up divisions in our eation. Before this we were a united people, who followed one religion. Your ominous coming has turned brother against brother, and separated son from father. " This very accusation was being brought against the Holy Prophet by his opponents over and over again. Soon after he started his mission of inviting the people to the Faith, the delegation of the chiefs of the Quraish, who went to Abu Talib, had said, "Give up to us this nephew of yours: he has opposed your religion and your forefathers' religion and has sown discord among your people, and has held the whole nation as foolish." (Ibn Hisham, Vol. I. p. 285). On the occasion of Hajj, when the disbelievers of Makkah feared that the visitors from outside might be influenced by the Holy Prophet, they held consultations and decided to approach the Arab tribes and tell them: "This man is a sorcerer, who by his sorcery separates son from his father, brother from his brother, wife from her husband, and man from his family." (Ibn Hisham, p. 289).
61 That is, "The truth is not that which you understand it to be. The fact which you have not yet realized is that my advent has put you to the test. Until my arrival you were following a beaten track in your ignorance. You could not recognize the truth from the falsehood; you had no criterion for judging the genuine from the counterfeit; your worst people were lording over your best people, who were rolling in the dust. But now a criterion has come against which you will alI be judged and assessed. Now a balance has been set up publicly, which will weigh everybody according to his true worth. Now both the truth and the falsehood have been made manifest. Whoever accepts the truth will weigh heavy whether he was not being held even worth a farthing so far; and whoever persists in falsehood will not weigh a gramme even though he was being esteemed as the chief of the chiefs before this. Now the judgement will not be based on the nobility or otherwise of the family one came of, or the abundance of the means and resources that one possessed, or one's physical strength but on this whether one accepted the truth gracefully or preferred to remain attached to falsehood. "
سورة النمل حاشیہ نمبر : 60
ان کے اس قول کا ایک مطلب یہ ہے کہ تمہاری یہ تحریک ہمارے لیے سخت منحوس ثابت ہوئی ہے ، جب سے تم نے اور تمہارے ساتھیوں نے دین آبائی کے خلاف یہ بغاوت شروع کی ہے ہم پر آئے دن کوئی نہ کوئی مصیبت نازل ہوتی رہتی ہے ، کیونکہ ہمارے معبود ہم سے ناراض ہوگئے ہیں ، اس معنی کے لحاظ سے یہ قول اکثر ان مشرک قوموں کے اقوال سے مشابہ ہے جو اپنے انبیاء کو منحوس قرار دیتی تھیں ۔ چنانچہ سورہ یسین میں ایک قوم کا ذکر آتا ہے کہ اس نے اپنے انبیاء سے کہا اِنَّا تَــطَيَّرْنَا بِكُمْ ، ہم نے تم کو منحوس پایا ہے ( آیت 18 ) یہی بات فرعون کی قوم حضرت موسی کے متعلق کہتی تھی: فَاِذَا جَاۗءَتْهُمُ الْحَسَنَةُ قَالُوْا لَنَا هٰذِهٖ ۚ وَاِنْ تُصِبْهُمْ سَيِّئَةٌ يَّطَّيَّرُوْا بِمُوْسٰي وَمَنْ مَّعَهٗ ۔ جب ان پر کوئی اچھا وقت آتا تو کہتے کہ ہمارے لیے یہی ہے اور جب کوئی مصیبت آجاتی تو موسی اور ان کے ساتھیوں کی نحوست کو اس کا ذمہ ٹھہراتے ۔ ( الاعراف ، آیت 131 ) قریب قریب ایسی ہی باتیں مکہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بھی کہی جاتی تھیں ۔
دوسرا مطلب اس قول کا یہ ہے کہ تمہارے آتے ہی ہماری قوم میں پھوٹ پڑ گئی ہے ، پہلے ہم ایک قوم تھے جو ایک دین پر مجتمع تھے ، تم ایسے سبز قدم آئے کہ بھائی بھائی کا دشمن ہوگیا اور بیٹا باپ سے کٹ گیا ، اس طرح قوم کے اندر ایک نئی قوم اٹھ کھڑی ہونے کا انجام ہمیں اچھا نظر نہیں آتا ، یہی وہ الزام تھا جسے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے مخالفین آپ کے خلاف بار بار پیش کرتے تھے ، آپ کی دعوت کا آغاز ہوتے ہی سرداران قریش کا جو وفد ابو طالب کے پاس گیا تھا اس نے یہی کہا تھا کہ اپنے اس بھتیجے کو ہمارے حوالہ کردو جس نے تمہارے دین اور تمہارے باپ دادا کے دین کی مخالفت کی ہے اور تمہاری قوم میں پھوٹ ڈال دی ہے اور ساری قوم کو بے وقوف قرار دیا ہے ۔ ( ابن ہشام جلد اول ، ص 285 ) حج کے موقعہ پر جب کفار مکہ کو اندیشہ ہوا کہ باہر کے زائرین آکر کہیں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت سے متاثر نہ ہوجائیں تو انہوں نے باہم مشورہ کرنے کے بعد یہی طے کیا کہ قبائل عرب سے کہا جائے یہ شخص جادوگر ہے ، اس کے جادو کا اثر یہ ہوتا ہے کہ بیٹا باپ سے ، بھائی بھائی سے ، بیوی شوہر سے اور آدمی اپنے سارے خاندان سے کٹ جاتا ہے ۔ ( ابن ہشام ، ص 289 )
سورة النمل حاشیہ نمبر : 61
یعنی بات وہ نہیں ہے جو تم نے سمجھ رکھی ہے ، اصل معاملہ جسے اب تک تم نہیں سمجھے ہو یہ ہے کہ میرے آنے سے تمہارا امتحان شروع ہوگیا ہے ۔ جب تک میں نہ آیا تھا تم اپنی جہالت میں ایک ڈگر پر چلے جارہے تھے ، حق اور باطل کا کوئی کھلا امتیاز سامنے نہ تھا ، کھرے اور کھوٹے کی پرکھ کا کوئی معیار نہ تھا ، بدتر سے بدتر لوگ اونچے ہورہے تھے ، اور اچھی سے اچھی صلاحیتوں کے لوگ خاک میں ملے جارہے تھے ، مگر اب ایک کسوٹی آگئی ہے جس پر تم سب جانچے اور پرکھے جاؤ گے ، اب بیچ میدان میں ایک ترازو رکھ دیا گیا ہے جو ہر ایک کو اس کے وزن کے لحاظ سے تولے گا ، اب حق اور باطل آمنے سامنے موجود ہیں ، جو حق کو قبول کرے گا وہ بھاری اترے گا خواہ آج تک اس کی کوڑی بھر بھی قیمت نہ رہی ہو ۔ اور جو باطل پر جمے گا اس کا وزن رتی بھر بھی نہ رہے گا چاہے وہ آج تک امیر الامراء ہی بنا رہا ہو ، اب فیصلہ اس پر نہیں ہوگا کہ کون کس خاندان کا ہے اور کس کے ذرائع و وسائل کتنے ہیں ، اور کون کتنا زور رکھتا ہے ، بلکہ اس پر ہوگا کہ کون سیدھی طرح صداقت کو قبول کرتا ہے اور کون جھوٹ کے ساتھ اپنی قسمت وابستہ کردیتا ہے ۔