23 Here, the point worth consideration is why the well-to-do people of every community only have resisted the Prophets and upheld the imitation of their forefathers in every age. Why have they alone been in the forefront to oppose the Truth and to endeavor to maintain the established falsehood and to beguile and incite the common people against them ? Its basic causes were two: (1) The well to-do and affluent people are so absorbed in making and enjoying the world of their own that they are not inclined to bother themselves about the useless debate (as they assume it to be) between the Truth and falsehood. Their love of ease and mental lethargy renders them so heedless of religion and conservative that they want the established order, no matter whether it is based on truth or falsehood, to retrain in force so that they do not have to take the trouble of thinking about the new order at all for themselves. (2) Their interests become so dependent on the established order that when they get the first glimpse of the order presented by the Prophets they start feeling that if it came, it would not only put an end to their leadership but also would deprive them of the freedom to consume the lawful and commit the unlawful. (For further details, sec AI-An`am: 103; Al-A'raf: 66-70. 75, 88 109, 127; Hud: 27-28; Bani Isra`il : 16; AI-Mu'minun: 24-33, 46; Saba: 34 and the corresponding E.N.'s).
سورة الزُّخْرُف حاشیہ نمبر :23
یہ بات قابل غور ہے کہ انبیاء کے مقابلے میں اٹھ کر باپ دادا کی تقلید کا جھنڈا بلند کرنے والے ہر زمانے میں اپنی قوم کے کھاتے پیتے لوگ ہی کیوں رہے ہیں ؟ آخر کیا وجہ ہے کہ وہی حق کی مخالفت میں پیش پیش اور قائم شدہ جاہلیت کو برقرار رکھنے کی کوشش میں سرگرم رہے ، اور وہی عوام کو بہکا اور بھڑکا کر انبیاء علیہم السلام کے خلاف فتنے اٹھاتے رہے ؟ اس کے بنیادی وجوہ دو تھے ۔ ایک یہ کہ کھاتے پیتے اور خوشحال طبقے اپنی دنیا بنانے اور اس سے لطف اندوز ہونے میں اس قدر منہمک ہوتے ہیں کہ حق اور باطل کی ، بزعم خویش ، دور از کار بحث میں سر کھپانے کے لیے تیار نہیں ہوتے ۔ ان کی تن آسانی اور ذہنی کاہلی انہیں دین کے معاملے میں انتہائی بے فکر ، اور اس کے ساتھ عملاً قدامت پسند ( Conservative ) بنا دیتی ہے تاکہ جو حالت پہلے سے قائم چلی آ رہی ہے وہی ، قطع نظر اس سے کہ وہ حق ہے یا باطل ، جوں کی توں قائم رہے اور کسی نئے نظام کے متعلق سوچنے کی زحمت نہ اٹھانی پڑے ۔ دوسرے یہ کہ قائم شدہ نظام سے ان کے مفاد پوری طرح وابستہ ہو چکے ہوتے ہیں ، اور انبیاء علیہم السلام کے پیش کردہ نظام کو دیکھ کر پہلی ہی نظر میں وہ بھانپ جاتے ہیں کہ یہ آئے گا تو ان کی چودھراہٹ کی بساط بھی لپیٹ کر رکھ دی جائے گی اور ان کے لیے اکل حرام اور فعل حرام کی بھی کوئی آزادی باقی نہ رہے گی ۔ ( مزید تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن ، جلد اول ، الانعام ، حاشیہ ۹۱ ، جل دوم ، الاعراف ، حواشی ٤٦ ۔ ۵۳ ۔ ۵۸ ۔ ۷٤ ۔ ۸۸ ۔ ۹۲ ، ہود ، حواشی ۳۱ ، ۳۲ ، ٤۱ ، بنی اسرائیل ، حاشیہ۱۸ ، جلدسوم ، المومنون ، حواشی ۲٦ ۔ ۲۷ ۔ ۳۵ ۔ ۵۹ ، جلد چہارم ، سبا ، آیت ۳٤ ، حاشیہ۵٤ ) ۔