65 It cannot be said with certainty whether vv. 88, 89 are a part of Prophet Abraham's prayer, or they are an addition by AIlah. In the first case, they will mean that Prophet Abraham while praying for his father had a full realization of these facts. In the second case, they will be a comment by Allah on Abraham's prayer, as if to say, "On the Day of Judgement, only a sound heart, sound in faith and free from disobedience and sin, will be of any avail to man and not wealth and children, for wealth and children can be useful only if one possesses a sound heart. Wealth will be useful if one would have spent it sincerely and faithfully for the sake of Allah, otherwise even a millionaire will be a poor man there. Children also will he of help only to the extent that a person might have educated them in Faith and good conduct to the best of his ability; otherwise even if the son is a Prophet, his father will not escape punishment, if he died in the state of unbelief, because such a father will have no share in the goodness of his children. "
سورة الشُّعَرَآء حاشیہ نمبر :65
ان دو فقروں کے متعلق یہ بات یقین کے ساتھ نہیں کہی جا سکتی کہ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کا حصہ ہیں یا انہیں اللہ تعالیٰ نے ان کے قول پر اضافہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا ہے ۔ اگر پہلی بات مانی جائے تو اس کے معنی یہ ہیں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنے باپ کے لیے یہ دعا کرتے وقت خود بھی ان حقائق کا احساس رکھتے تھے ۔ اور دوسری بات تسلیم کی جائے تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ان کی دعا پر تبصرہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ یہ فرما رہا ہے کہ قیامت کے دن آدمی کے کام اگر کوئی چیز آ سکتی ہے تو وہ مال اور اولاد نہیں بلکہ صرف قلب سلیم ہے ، ایسا دل جو کفر و شرک و نافرمانی اور فسق و فجور سے پاک ہو ۔ مال اور اولاد بھی قلب سلیم ہی کے ساتھ نافع ہو سکتے ہیں ، اس کے بغیر نہیں ۔ مال صرف اس صورت میں وہاں مفید ہو گا جبکہ آدمی نے دنیا میں ایمان و اخلاص کے ساتھ اسے اللہ کی راہ میں صرف کیا ہو ، ورنہ کروڑ پتی اور ارب پتی آدمی بھی وہاں کنگال ہو گا ۔ اولاد بھی صرف اسی حالت میں وہاں کام آ سکے گی جبکہ آدمی نے دنیا میں اسے اپنی حد تک ایمان اور حسن عمل کی تعلیم دی ہو ، ورنہ بیٹا اگر نبی بھی ہو تو وہ باپ سزا پانے سے نہیں بچ سکتا جس کا اپنا خاتمہ کفر و معصیت پر ہوا ہو اور اولاد کی نیکی میں جس کا اپنا کوئی حصہ نہ ہو ۔