مسنداحمد

Musnad Ahmad

جنازہ کے احکام و مسائل

قریب الموت کو کلمۂ توحید کی نصیحت کرنا، اس کے پاس نیک لوگوں کا حاضر ہونا اور اس کی پیشانی کا پسینہ، ان امور کا بیان

۔ (۳۰۰۲) عَنْ أَبِی سَعْیِدٍ الْخُدْرِیِّ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم : ((لَقِّنُوْا مَوْتَاکُمْ قَوْلَ لَا إلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ)) (مسند احمد: ۱۱۰۰۶)

سیّدنا ابو سعید خدر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اپنے قریب الموت لوگوں کو لَا إلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ کی تلقین کیا کرو۔

۔ (۳۰۰۳) عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللّٰہِ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہما قَالَ: سَمِعْتُ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ یَقُوْلُ لِطَلْحَۃَ بْنِ عُبَیْدِ اللّٰہِ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌: مَالِی أَرَاکَ شَعِثْتَ وَاغْبَرَرْتُ مُنْذُ تُوُفِّیَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ، لَعَلَّکَ سَائَکَ یَا طَلْحَۃُ! إِمَارَۃُ ابْنِ عَمِّکَ؟ قَالَ: مَعَاذَ اللّٰہُ، إِنِّی لَاَجْدَرُکُمْ أَنْ لَّا أَفْعَلَ ذَالِکَ، إِنِّی سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم یَقُوْلُ: ((إِنِّیْ لَأَعْلَمُ کَلِمَۃً لَا یَقُوْلُہَا أَحَدٌ عِنْدَ حَضْرَۃِ الْمَوْتِ إِلَّا وَجَدَ رُوْحُہُ لَہَا رَوْحًا، حَیْنَ یَخْرُجُ مِنْ جَسَدِہِ، وَکَانَتْ لَہُ نُوْرًا یَوْمَ الْقِیَامَۃِ۔)) فَلَمْ اَسَاَلْ َرَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ، وَلَمْ یُخْبِرْنِیْ بِہَا، فذَاکَ الَّذِی دَخَلَنِی، قَالَ عُمَرُ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌: فَأَنَا أْعْلَمُہَا، قَالَ: فَلِلَّہِ الْحَمْدُ فَمَا ہِیَ؟ قَالَ: ہِیَ الْکَلِمَۃُ الَّتِی قَالَہَا لِعَمِّہِ (لَا إلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ)) قَالَ طَلْحَۃُ :صَدَقْتَ۔ (مسند احمد: ۱۸۷)

سیّدنا جابر بن عبد اللہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کہتے ہیں: میں نے سنا کہ سیّدنا عمر بن خطاب ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سیّدنا طلحہ بن عبید اللہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے پوچھ رہے تھے: کیا بات ہے کہ جس دن سے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کا انتقال ہوا ہے آپ پراگندہ پراگندہ اور غبار آلود سے ہو کر رہتے ہیں۔ کہیں آپ کو اپنے چچیرے بھائی (ابوبکر صدیق ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ) کا امیر بننا ناگوار تو نہیں گزرا؟ سیّدنا طلحہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے کہا: اللہ کی پناہ!میں تو تم سے بھی زیادہ لائق ہوں کہ اس طرح نہ کروں، (مجھے یہ بات کیوں ناگوار گزرے)۔ بات یہ ہے کہ میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا تھا کہ میں ایک کلمہ جانتا ہوں، جوشخص وفات کے وقت اسے پڑھ لیتا ہے تو اس کی روح جسم سے نکلتے ہی رحمت و راحت پا لیتی ہے، نیز وہ کلمہ اس کے لیے قیامت کے دن نور کا باعث ہو گا۔ مگر افسوس کہ میں آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے اس کلمہ کے متعلق نہ پوچھ سکا کہ وہ کونسا ہے اور نہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے مجھے اس کے بارے میں بیان کیا۔اس چیز نے مجھے غمزدہ کر رکھا ہے۔ سیّدنا عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے کہا: میں وہ کلمہ جانتا ہوں۔ یہ سن کر سیّدنا طلحہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے کہا: اللہ کا شکر، وہ کلمہ کون سا ہے؟ آپ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے کہا: یہ وہ کلمہ ہے جو رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اپنے چچا (ابوطالب) پر پیش کیا تھا، یعنی لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ۔ انھوں نے کہا: آپ نے سچ کہا۔

۔ (۳۰۰۴)( وَمِنْ طَرِیْقٍ ثَانٍ بِنَحْوِہِ وَفِیْہِ) قَالَ عُمَرُ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ : أَنَا أُخْبِرُکَ بِہَا، ہِیَ الْکَلِمَۃُ الَّتِی أَرَادَ بِہَا عَمَّہُ شَہَادَۃُ ( أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ)۔ قَالَ: فَکَأَنَّمَا کُشِفَ عَنِّی غِطَائٌ، قَالَ: صَدَقْتَ، لَوْ عَلِمَ کَلِمَۃً ہِیَ أَٔفْضَلُ مِنْہَا لَأَمَرَہُ بِہَا۔ (مسند احمد: ۲۵۲)

( دوسری سند) سیّدنا عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے کہا: میں آپ کو وہ کلمہ بتاتا ہوں، یہ وہ کلمہ ہے جو رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اپنے چچا سے بھی کہلوانا چاہا تھا، یعنی اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ یہ سن کر سیّدنا طلحہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے کہا: گویا مجھ سے پردہ چھٹ گیا۔ آپ درست کہہ رہے ہیں، اگر آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے نزدیک کوئی اور کلمہ اس سے افضل ہوتا تو اس کے پڑھنے کا حکم فرماتے۔

۔ (۳۰۰۵)(وَمِنْ طَرِیْقٍ ثَالِثٍ) عَنْ یَحْیَی بْنِ طَلْحَۃَ ابْنِ عُبیْدِ اللّٰہِ عَنْ أَبِیْہِ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌، أَنَّ عُمَرَ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ رَآہُ (یَعْنِی رَأیٰ طَلْحَۃَ) کَئِیْبًا، فَقَالَ: یَا أَبَا مُحَمَّدٍ! لَعَلَّکَ سَائَ تْکَ إِمْرَۃُ ابْنِ عَمِّکَ یَعْنِی أَبَا بَکْرٍ؟ قَالَ: لَا، وَأَثْنٰی عَلٰی أَبِی بَکْرٍ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌، وَلٰکِنِّیْ سَمِعْتُ النَّبِیَّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم یَقُوْلُ: ((إِنِّی لأَعْلَمُ کَلِمَۃً لَا یَقُوْلُہَا عَبْدٌ عِنْدَ مَوْتِہِ إِلَّا فَرَّجَ اللّٰہُ عَنْہُ کُرْبَتَہُ وَأَشْرَقَ لَوْنَہُ۔)) فَذَکَرَ الْحَدِیْثِ۔ (مسند احمد: ۱۳۸۶)

(تیسری سند) سیّدنا طلحہ بن عبیداللہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کہتے ہیں: سیّدنا عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے مجھے غمگین دیکھ کر پوچھا: ابو محمد! کیا بات ہے؟ کیا آپ کو اپنے چچا زاد بھائی سیّدنا ابوبکر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی امارت ناگوار گزری ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ پھر انھوں نے سیّدنا ابوبکر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی تعریف کی اور کہا کہ میری پریشانی کا سبب یہ ہے کہ میں نے نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا تھا کہ میں ایک ایسا کلمہ جانتا ہوں کہ جو آدمی فوت ہوتے وقت وہ کلمہ پڑھ لیتا، اللہ تعالیٰ اس کی تکلیف دور کر دیتا ہے اور اس کا رنگ نکھر آتا ہے، …۔ الحدیث۔

۔ (۳۰۰۶) عَنْ کَثِیْرِ بْنِ مُرَّۃَ عَنْ مُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ قَالَ: قَالَ لَنَا مُعَاذٌ فِی مَرَضِہِ: قَدْ سَمِعْتُ مِنْ رَسُوْلِ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم شَیْئًا کُنْتُ أَکْتُمُکُمُوْہُ، سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم یَقُوْلُ: ((مَنْ کَانَ آخِرُ کَلَامِہِ لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَجَبَتْ لَہُ الْجَنَّۃُ)) (مسند احمد: ۲۲۳۸۴)

کثیر بن مرہ کہتے ہیں: سیّدنا معاذ بن جبل ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے مرض الموت کے دوران ہم سے کہا: میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے ایک بات سنی تھی، جسے میں اب تک تم سے چھپاتا رہا۔ میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا تھا: جس آدمی کا آخری کلام لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ ہوگا، اس کے لیے جنت و اجب ہو جائے گی۔

۔ (۳۰۰۷) عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِکَ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ أَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم عَادَ رَجُلاً مِنَ الأَنْصَارِ (وَفِی رِوَایَۃٍ مِنْ بَنِی النَّجَّارِ) فَقَالَ: ((یَا خَالُ! قُلْ لَا إلٰہ إِلَّا اللّٰہُ۔)) فَقَالَ: أَخَالٌ أَمْ عَمٌّ؟ فَقَالَ: ((لَا بَلْ خَالٌ۔)) قَالَ: فَخَیْرٌ لِیْ أَنْ أَقُوْلَ لَا إلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ؟)) فَقَالَ النَّبِیُّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَعَلٰی آلِہِ وَصَحْبِہِ وَسَلَّمَ: ((نَعَمْ۔)) (مسند احمد: ۱۲۵۹۱)

سیّدنا انس بن مالک ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ایک انصار یا بنو نجار کے ایک آدمی کی عیادت کے لیے تشریف لے گئے۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اس سے فرمایا: ماموں جان! کہو لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ۔ اس نے کہا: ماموں یا چچا؟ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: چچا نہیں، بلکہ ماموں۔ اس نے پوچھا: کیا لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ پڑھنا میرے حق میں بہتر ہے؟ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ہاں ۔

۔ (۳۰۰۸) وَعَنْہُ أَیْضًا أَنَّ غُلَامًا یَہُوْدِیًا کَانَ یَضَعُ لِلنَّبِیَّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم وَضُوْئَ ہُ وَیُنَاوِلُہُ نَعْلَیْہِ؟ فَمَرِضَ فَأتَاَہُ النَّبِیُّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فَدَخَلَ عَلَیْہِ وَأَبُوْہُ قَاعِدٌ عِنْدَ رَأْسِہِ فَقَالَ لَہُ النَّبِیُّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم : ((یَا فُلَانُ! قُلْ لَا إلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ۔)) فَنَظَرَ إِلٰی أَبِیْہِ، فَسَکَتَ أبُوْہُ، فَأَعَاَد عَلَیْہِ النَّبِیُّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فَنَظَرَ إلٰی أبِیْہِ، فَقَالَ أبُوْہُ: أَطِعْ أَبَا قَاسِمٍ، فَقَالَ الْغُلَامُ: أَشْہَدُ أَنْ لَّا إلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَأَنَّکَ رَسُوْلُ اللّٰہِ۔ فَخَرَجَ النَّبِیُّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم وَہُوَ یَقُوْلُ: ((اَلْحَمْدُ اللّٰہِ الَّذِی أَخْرَجَہُ بِی مِنَ النَّارِ)) (مسند احمد: ۱۲۸۲۳)

سیّدنا انس ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے یہ بھی روایت ہے کہ ایک یہودی لڑکا نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے لیے وضو کا پانی رکھ دیا کرتا اور آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے جوتے اٹھا کر لا دیتا تھا، وہ بیمار پڑ گیا، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم اس کے پاس تشریف لے گئے جبکہ اس کاوالد اس کے سرہانے بیٹھا ہوا تھا۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بچے سے فرمایا: اے فلاں! کہو لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ۔ اس نے اپنے والد کی طرف دیکھا اور اس کا والد خاموش رہا، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اپنی بات دوہرائی۔اس نے پھر اپنے والد کی طرف دیکھا، اس دفعہ اس کے والد نے کہا: ابو القاسم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی بات مان لو۔ یہ سن کر بچے نے کہا: أَشْہَدُ أَنْ لَّا إلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَأَنَّکَ رَسُوْلُ اللّٰہِ (میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں اور آپ اللہ کے رسول ہیں۔) جب آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم وہاں سے نکلے تو فرما رہے تھے: اللہ کا شکر ہے، جس نے اسے میرے سبب سے جہنم سے بچا لیا۔

۔ (۳۰۰۹) عَنْ زَاذَانَ أَبِی عُمَرَ قَالَ: حَدَّثَنِی مَنْ سَمِعَ النَّبِیَّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم یَقُوْلُ: ((مَنْ لُقِّنَ عِنْدَ الْمَوْتِ لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ، دَخَلَ الْجَنَّۃَ۔)) (مسند احمد: ۱۵۹۸۹)

ابو عمر زاذان کہتے ہیں: مجھ سے ایک ایسے آدمی نے بیان کیا جس نے نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو یہ فرماتے سنا تھا: جس آدمی کو اس کی وفات کے وقت لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ کی تلقین کر دی گئی وہ جنت میں داخل ہو جائے گا۔

۔ (۳۰۱۰) عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ قَالَ: أَتٰی رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم بَعْضَ بَنَاتِہِ وَہِیَ تَجُوْدُ بِنَفْسِہَا، فَوَقَعَ عَلَیْہَا فَلَمْ یَرْفَعْ رَأْسَہُ حَتَّیٰ قُبِضَتْ، قَالَ: فَرْفَعَ رَأْسَہُ وَقَالَ: ((اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ، الْمُؤْمِنُ بِخَیْرٍ، تُنْزَعُ نَفْسُہُ مِنْ بَیْنَ جَنْبَیْہِ وَہُوَ یَحْمَدُ اللّٰہَ عَزَّوَجَلَّ۔)) (مسند احمد: ۲۷۰۴)

سیّدنا عبد اللہ بن عباس ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم اپنی ایک (نواسی) بیٹی کے پاس تشریف لے گئے، اس کی روح نکل رہی تھی، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم اس کے اوپر جھک گئے اور اس کی روح قبض ہونے تک اپنا سر اوپر نہ اٹھایا۔ پھر آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے سر اوپر اٹھایا اور فرمایا: ساری تعریف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، مومن بھلائی میں ہی ہوتا ہے۔ اس کے پہلوئوں سے اس کی روح قبض کی جا رہی ہوتی ہے، جبکہ وہ اللہ تعالیٰ کی تعریف کر رہا ہوتا ہے۔

۔ (۳۰۱۱) عَنِ ابْنِ بُرَیْدَۃَ (الأَسْلَمِی) عَنْ أَبِیْہِ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ اَنَّہُ کَانَ بَخُرَاسَانَ فَعَادَ اَخًا لَہُ وَہُوَ مَرِیْضٌ فَوَجَدَہُ بِالْمَوْتِ ، وَإِذَا ہُوَ یَعْرَقُ جَبِیْنُہُ، فَقَالَ: اَللّٰہُ أَکْبَرُ، سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم یَقُوْلُ: ((مَوْتُ الْمُؤْمِنِ بِعَرَقِ الْجَبِیْنِ۔)) (مسند احمد: ۲۳۴۱۰)

سیّدنا بریدہ اسلمی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ خراسان میں تھے، وہاں وہ اپنے ایک بیمار بھائی کی عیادت کے لیے گئے، جبکہ وہ فوت ہونے والا تھا اور اس کی پیشانی پسینہ آلود تھی، یہ دیکھ کر انھوں نے کہا: اَللّٰہُ أَکْبَرُ، میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے: مومن کی موت اس کی پیشانی کے پسینے کے ساتھ ہوتی ہے۔

۔ (۳۰۱۳) عَنْ أَبِی سَعِیْدٍ الْخُدْرِیِّ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ قَالَ: لَمَّا قَدِمَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کُنَّا نُؤْذِنُہُ لِمَنْ حُضِرَ مِنْ مَوْتَانَا فَیَأْتِیْہِ قَبْلَ أَنْ یَمُوْتَ، فَیَحْضُرُہُ وَیَسْتَغْفِرُ لَہُ وَیَنْتَظِرُ مَوْتَہُ، قَالَ فَکَانَ ذٰلِکَ رُبَّمَا حَبَسَہُ الْحَبْسَ الطَّوِیْلَ فَشَقَّ عَلَیْہِ، قَالَ: فَقُلْنَا: أَرْفَقُ بِرَسُوْلِ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم أَنْ لَا نُؤْذِنَہُ بِالْمَیِّتِ حَتّٰی یَمُوْتَ، قَالَ: فَکُنَّا إِذَا مَاتَ مِنَّا الْمَیْتُ، آذَنَّاہُ بِہِ فَجَائَ فِی أَہْلِہِ فَاسْتَغْفَرَ لَہُ وَصَلّٰی عَلَیْہِ، ثُمَّ إنْ بَدَا لَہُ أَن یَشْہَدَہُ، اِنْتَظَرَ شُہُوْدَہُ وَإِنْ بَدَا لَہُ أَنْ یَنْصَرِفَ اِنْصَرَفَ، قَالَ: فَکُنَّا عَلٰی ذَالِکَ طَبَقَۃً أُخْرٰی، قَالَ: فَقُلْنَا: أَرْفَقُ بِرَسُوْلِ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم أنْ نَحْمِلَ مَوْتَانَا إِلَی بَیْتِہُ وَلَا نُشْخِصَہُ وَلَا نُعَنِّیَہِ، قَالَ: فَقُلْنَا ذَالِکَ فَکَانَ الْاَمْرُ۔(مسند احمد: ۱۱۶۵۱)

سیّدنا ابو سعید خدری ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کہتے ہیں: جب رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ہجرت کرکے مدینہ منورہ تشریف لائے، تو ہم میں سے جب کسی آدمی کی وفات کا وقت قریب آتا تو ہم آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو اطلاع کرتے اور آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم اس کی وفات سے پہلے ہی تشریف لے آتے اور اس کے پاس ٹھہرے رہتے، اس کے حق میں مغفرت کی دعائیں کرتے رہتے اور اس کی وفات کا انتظار کرتے، بسا اوقات اس سلسلہ میں آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو کافی دیر ہو جاتی اور یہ معاملہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم پر شاق گزرتا۔ اس کے بعد ہم نے سوچا کہ زیادہ بہتر یہ ہے کہ ہم رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو وفات سے پہلے اطلاع نہ کیا کریں۔ پس بعد ازاں ایسے ہوتا کہ جب ہم میں سے کوئی فوت ہو جاتا تو پھر ہم آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو اس کی اطلاع دیتے۔ پس آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم اس کے اہل و عیال کے ہاں تشریف لا کر اس کے لیے مغفرت کی دعا کرتے اور نماز جنازہ پڑھاتے، اس کے بعد اگر مناسب سمجھتے تو دفن تک ٹھہر جاتے اور مناسب سمجھتے تو پہلے ہی تشریف لے جاتے۔ سیّدنا ابو سعید خدری ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کہتے ہیں:ایک عرصہ تک یہی طریقہ جاری رہی، اس کے بعد ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے لیے آسانی اس میں ہے کہ ہم میت کو آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے گھر اٹھا کر لے جایا کریں اور آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو گھر سے نہ نکالا کریں اور (اہل میت کے گھر آنے کی) تکلیف نہ دیا کریں۔