مسنداحمد

Musnad Ahmad

قضائے حاجت کرنے، استنجا کرنے، پتھر استعمال کرنے اور ان کے آداب کے ابواب

قضائے حاجت کرنے والے کا داخل ہوتے وقت اور نکلتے وقت دعا پڑھنے کا بیان

۔ (۵۰۲)۔عَنْ اَنَسِ بْنِ مَالِکٍؓ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کَانَ اِذَا دَخَلَ الْخَلَائَ یَقُوْلُ: ((اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ أَعَوْذُ بِکُ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ۔)) (مسند أحمد: ۱۱۹۶۹)

سیدنا انس بن مالک ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ جب بیت الخلاء میں داخل ہوتے تو یہ دعا پڑھتے: اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ أَعَوْذُ بِکَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ… اے اللہ! میں خبیث جنّوںاور خبیث جننیوں سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔

۔ (۵۰۳)۔ عَنْ شُعْبَۃَ عَنْ عَبْدِالْعَزِیْزِ بْنِ صُہَیْبٍ قَالَ: سَمِعْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِکٍ قَالَ: کَانَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم اِذَا أَتَی الْخَلَائَ قَالَ: ((أَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الْخُبْثِ وَالْخَبَیْثِ أَوِ الْخَبَائِثِ۔)) قَالَ شُعْبَۃُ: وَقَدْ قَالَہُمَا جَمِیْعًا۔ (مسند أحمد: ۱۴۰۴۴)

سیدنا انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ جب بیت الخلاء کو آتے تھے تو یہ دعا پڑھتے تھے: أَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الْخُبْثِ وَالْخَبَیْثِِ۔… میں خبث اور خبیث سے اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آتا ہوں۔

۔ (۵۰۴)۔عَنْ زَیْدِ بْنِ أَرْقَمَؓ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم قَالَ: ((اِنَّ ہٰذِہِ الْحُشُوْشَ مُحْتَضَرَۃٌ، فَاِذَا دَخَلَ أَحَدُکُمْ فَلْیَقُلْ: اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ أَعُوْذُ بِکَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ۔)) (مسند أحمد: ۱۹۵۰۱)

سیدنا زید بن ارقمؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے فرمایا: بیشک ان طہارت خانوں میں شیطان حاضر ہوتے ہیں، اس لیے جب کوئی آدمی اِن میں داخل ہو تو وہ یہ دعا پڑھا کرے: اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ أَعُوْذُ بِکَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ …اے اللہ! بیشک میں خبیث جنّوں اور خیبث جننیوں سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔

۔ (۵۰۵)۔عَنْ عَائِشَۃَؓ أَنَّ النَّبِیَّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کَانَ اِذَا خَرَجَ مِنَ الْغَائِطِ قَالَ: ((غُفْرَانَکَ۔)) (مسند أحمد: ۲۵۷۳۵)

سیدہ عائشہؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ جب بیت الخلاء سے باہر آتے تو کہتے: غُفْرَانَکَ … (اے اللہ!) میں تجھ سے بخشش چاہتا ہوں۔