سیدہ اسماء بنت ابو بکر ؓ سے مروی ہے، وہ کہتی ہیں کہ ایک خاتون، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آئی اور کہا: اے اللہ کے رسول! عورت کو حیض کا خون لگ جاتا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اس کو چاہیے کہ وہ اس کو کھرچے، پھر پانی کے ساتھ ملے اور پھر اس میں نماز پڑھ لے۔
سیدہ ام قیس بنت محصن ؓ سے مروی ہے، وہ کہتی ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کپڑے کو لگ جانے والے حیض کے خون کے بارے میں سوا ل کیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اس کو پانی اور بیری کے پتوںکے ساتھ دھو اور کسی ہڈی کے ساتھ کھرچ ڈال۔
سیدنا ابوہریرہؓ سے مروی ہے کہ سیدہ خولہ بنت یسار ؓحج یا عمرہ کے موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آئیں اور کہا: اے اللہ کے رسول! میرے پاس صرف ایک کپڑا ہے اور مجھے اسی میں حیض بھی آ جاتا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب تو پاک ہو جائے تو خون والی جگہ دھو لے اور اسی میں نماز پڑھ۔ اس نے کہا: اے اللہ کے رسول! اگر اس کااثر ختم نہ ہو تو؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تجھے پانی کافی ہے اور اس کا (باقی رہ جانے والا) نشان تجھے نقصان نہیں دے گا۔