مسنداحمد

Musnad Ahmad

نمازوں کے اوقات کے ابواب

فجر اور عصر کی نمازوں کے بعد مزید نماز پڑھنے سے نہی کا بیان

۔ (۱۲۰۱)۔عَنْ سَعْدِ بْنِ أَبِیْ وَقَّاصٍؓ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم یَقُوْلُ: ((صَلَاتَانِ لَا یُصَلّٰی بَعْدَہُمَا، الصُّبْحُ حَتّٰی تَطْلُعَ الشَّمْسُ والْعَصْرُ حَتّٰی تَغْرُبَ الشَّمْسُ۔)) (مسند أحمد: ۱۴۶۹)

سیدنا سعد بن ابی وقاصؓ سے مروی ہے، رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے فرمایا: دو نمازیں ہیں، ان کے بعد مزید نماز نہیں پڑھی جاتی، ایک نمازِ فجر ہے، یہاں تک کہ سورج طلوع ہو جائے اور دوسری نمازِ عصر ہے، یہاں تک کہ سورج غروب ہو جائے۔

۔ (۱۲۰۳)۔عَنِ ابْنِ عُمَرَؓ مَرْفُوْعًا: ((لَا صَلَاۃَ بَعْدَ الْعَصْرِ حَتّٰی تَغِیْبَ الشَّمْسُ وَلَا بَعْدَ الصُّبْحِ حَتّٰی تَرْتَفِعَ الشَّمْسُ أَوْ تَضْحٰی۔)) (مسند أحمد: ۵۰۱۰)

سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے فرمایا: نمازِ عصر کے بعد کوئی نماز نہیں ہے، یہاں تک کہ سورج غروب ہو جائے اور نمازِ فجر کے بعد کوئی نماز نہیں ہے، یہاں تک کہ سورج بلند ہو جائے یا چاشت کا وقت ہو جائے۔

۔ (۱۲۰۴)۔عَنْ نَصْرِ بْنِ عَبْدِالرَّحْمٰنِ عَنْ جَدِّہِ مُعَاذِ بْنِ عَفْرَائَ الْقُرَشِیِّ أَنَّہُ طَافَ بِالْبَیْتِ مَعَ مُعَاذِ بْنِ عَفْرَائَ بَعْدَ الْعَصْرِ أَوْ بَعْدَ الصُّبْحِ فَلَمْ یُصَلِّ فَسَأَلْتُہُ فَقَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم: ((لَا صَلَاۃَ بَعْدَ صَلَاتَیْنِ بَعْدَ الْغَدَاۃِ حَتّٰی تَطْلُعَ الشَّمْسُ وَبعد الْعَصْرِ حَتّٰی تَغْرُبَ الشَّمْسُ۔)) (مسند أحمد: ۱۸۰۹۰)

نصر بن عبد الرحمن بیان کرتے ہیں کہ انھوں نے اپنے دادے سیدنا معاذ بن عفراء قرشی ؓ کے ساتھ عصر یا فجر کے بعد بیت اللہ کا طواف کیا، لیکن انھوں نے طواف کی نماز ادا نہ کی، جب نصر نے ان سے اس کے بارے میں دریافت کیا تو انھوں نے کہا: رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے فرمایا: دو نمازوں کے بعد کوئی نماز نہیں ہے، نمازِ فجر کے بعد یہاں تک کہ سورج طلوع ہو جائے او رنمازِ عصر کے بعد یہاں تک سورج غروب ہو جائے۔

۔ (۱۲۰۵)۔عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍؓ قَالَ: شَہِدَ عِنْدِیْ رِجَالٌ مَرْضِیُّوْنَ وَأَرْضَاہُمْ عِنْدِیْ عُمَرُ (بْنُ الْخَطَّابِ) أَنَّ نَبِیَّ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کَانَ یَقُوْلُ: ((لَا صَلَاۃَ بَعْدَ صَلَاۃِ الْعَصْرِ حَتّٰی تَغْرُبَ الشَّمْسُ وَلَا صَلَاۃَ بَعْدَ صَلَاۃِ الصُّبْحِ حَتّٰی تَطْلُعَ الشَّمْسُ۔)) (مسند أحمد: ۱۱۰)

سیدنا عبد اللہ بن عباس ؓ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: پسندیدہ لوگوں نے میرے پاس شہادت دی اور ان میں مجھے سب سے پسندیدہ سیدنا عمر بن خطاب ؓہیں، شہادت یہ دی کہ اللہ کے نبی ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے فرمایا: عصر کے بعد غروبِ آفتاب تک اور فجر کے بعد طلوع آفتاب تک کوئی نماز نہیں۔