۔ سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ز انیہ کی اجرت، کتے کی قیمت اور شراب کی قیمت سے منع فرمایا ہے۔
۔ سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: کتے کی قیمت حرام ہے، جب کوئی کتے کی قیمت کا مطالبہ کرنے کے لیے آئے تو اس کے ہاتھوں کو مٹی سے بھر دے۔
۔ سیدنا جابربن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کتے کی قیمت سے منع کیا ہے، ما سوائے سد ھائے ہوئے شکاری کتے کی قیمت کے۔
۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کتے اور بلی کی قیمت سے منع فرمایا ہے۔
۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے (بھی) روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بلی کی قیمت وصول کرنے سے منع کیا ہے۔
۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے (بھی) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بلی کی قیمت سے منع فرمایا ہے۔
۔ سیدنا عقبہ بن عمر و رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کتے کی قیمت، زانیہ کی اجر ت اور نجومی کی مٹھائی سے منع فرمایا ہے۔
۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کتے کی قیمت سے منع کیا ہے اور فرمایا کہ یہ جاہلیت کاکھانا ہے۔
۔ سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: گانے والیوںکی خرید و فروخت، ان کی کمائی اور ان کی تجارت اور ان کی قیمت حرام ہے۔
۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: چوری شدہ بکری کی قیمت اور اس کو کھانا حرام ہے۔