۔ سیدنا عبد اللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ فیصلہ فرمایا کہ اہل کتاب یعنییہود و نصاریٰ کی دیت مسلمانوں کی دیت سے نصف ہے۔
۔ سیدنا عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب فتح مکہ کے سال مکہ میں داخل ہوئے تو لوگوں کے سامنے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خطاب کرنے کیلئے کھڑے ہوئے، … یہ ایک طویل حدیث ہے…، اس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: کافر کی دیت مسلمان کی دیت سے نصف ہے۔
۔ سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسو ل اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مکاتَب کے بارے میں فیصلہ فرمایا کہ اگر اس کو قتل کر دیا جائے تو وہ اپنی مکاتَبت میں سے جتنا حصہ ادا کر چکا تھا، اس کی اتنی دیت آزاد آدمی کی ادا کی جائے گی، اور جتنا حصہ باقی تھا، اتنی دیت غلام کی ہو گی۔
۔ (دوسری سند) نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: مکاتب جتنی ادائیگی کر چکا ہو، اس کی اتنی آزاد کی دیت ادا کی جائے گی اور جتنی قسطیں باقی ہوں، اتنی غلام کی دیت دی جائے گی۔
۔ (تیسری سند)رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: مکاتَب کی ادائیگی کے مطابق آزاد کی دیت ادا کی جائے گی اور جتنا حصہ وہ غلام ہو گا، اتنے حصے کی غلام کی دیت ادا کی جائے گی۔
۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: مکاتب کو اس کی ادائیگی کی مقدار کے مطابق دیت ادا کی جائے گی۔